موجودہ زمانے کے چنگیز خان اور ہلاکو خان امریکہ اور اسرائیل مسلمانوں کو نابود کرنے کے منصوبے بنارہے ہیں، علامہ فدا حسین مظاہری
شیعیت نیوز: موجودہ زمانے کے چنگیز خان اور ہلاکو خان امریکہ اور اسرائیل مسلمانوں کی آپس کی رنجشوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عالم اسلام کو نیست و نابود کرنے کے منصوبے بنا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جامع مسجد پاراچنار کے خطیب اور روحانی پیشوا علامہ فدا حسین مظاہری نے نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نےامریکا کو اڈے دیئے تو چین ،ایران اور افغانستان کااعتماد کھوبیٹھےگا، مولانا فضل الرحمٰن
انہوں نے کہا کہ جس طرح ہلاکو خان کے بغداد پر حملے سے پہلے وہاں کے مسلمان آپس میں اس بحث مباحثے میں الجھے ہوئے تھے کہ کوا حلال ہے یا حرام، مسواک کا سائیز کتنا ہونا چاہیئے، اسی طرح موجودہ دور کے مسلمان ممالک مختلف مسائل کی بناء پر ایک دوسرے کے ساتھ الجھے ہوئے ہیں بلکہ انہیں عالم اسلام کے دشمنوں نے اس نہج تک پہنچایا ہے۔ اگر مسلمان ممالک ہوش کے ناخن نہ لیں تو سازش کے تحت ان کی رہی سہی حیثیت بھی خاک میں مل جائے گی۔
انہوں نے مسلمانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپس میں دشمنیوں سے گریز کیا جائے اور اسلام دشمن قوتوں کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔







