یوم انہدام جنت البقیع، ملک بھرمیں احتجاج، اہل بیت و اصحاب رسول ؐ کے مزارات کی تعمیر نو کا مطالبہ
احتجاجی اجتماعات کا انعقاد مجلس وحدت مسلمین،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ، آئی ایس او، شیعہ علماءکونسل سمیت دیگر ملی تنظیمات اور ماتمی دستوں کی جانب سے کیا گیا تھا۔

شیعیت نیوز: سرزمین مقدس حجاز میں مزار رسول اکرم ؐ کے جوار میں قائم قبرستان جنت البقیع کی قابض آل سعود کے ہاتھوں مسماری کے خلاف آج آٹھ شوال کے روزعالمی یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، گلگت ، سکردو ، آزاد جموں کشمیر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی گئیں۔ احتجاجی اجتماعات کا انعقاد مجلس وحدت مسلمین،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ، آئی ایس او، شیعہ علماءکونسل سمیت دیگر ملی تنظیمات اور ماتمی دستوں کی جانب سے کیا گیا تھا۔
کراچی میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ کراچی پریس کلب کے باہر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے کیا گیا جس میں مختلف علمائے کرام، ذاکرین عظام نے خطاب کیا، شرکاء نے آل سعود کے اس قبیح فعل کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور مزارات مقدسہ کی ازسر نو تعمیر کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب آئی ایس او شعبہ طالبات کی جانب سے بھی کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔
مجلس وحدت مسلمین ضلع مظفرآباد، تحریک نفاظ فقہ جعفریہ مظفرآباد اور ماتمی دستہ دعائے زہراء ع دومیل سیداں کے زیر اہتمام علمدار چوک تا دربار سہیلی سرکار احتجاجی ماتمی جلوس نکالا گیا۔ اس موقع پر عزاداران سیدہ فاطمة الزہراء سلام علیہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ نوحہ خوانی کے ساتھ ساتھ آل سعود مردہ باد، امریکہ مردہ باد، اسرائیل مردہ باد، بھارت مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گیے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن تاریخ اسلام میں سیاہ باب ہے کہ جس دن آل سعود نے امریکہ و دیگر تاغوتی قوتوں کی ایماء پر مسلمانوں جنت البقیع میں دختر رسول ص کے مزار کو مسمار کر کے تمام امت مسلمہ کی دل آزاری کی۔ آج کا یہ احتجاج اس واقع کی پرزور مزمت کرتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ سعودی عرب سے یہ پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جنت البقیع کے مزارات کی تعمیر کیلئے ہمیں موقع فراہم کرئے ہم خود جنت البقیع کے مزارات تعمیر کریں گے۔
مقررین کا مزید کہنا تھا کہ آج کا یہ احتجاج فلسطین، کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلومین پر جاری مظالم کی بھی پرزور مزمت کرتا ہے۔ آخر میں سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع مظفرآباد سید غفران کاظمی، صدر تحریک نفاظ فقہ جعفریہ مظفرآباد سید بلاول کاظمی، سالار ماتمی دستہ دعائے زہراء سلام علیہ سید عاقب کاظمی نے تمام شرکاء کو احتجاج میں شرکت کرنے اور ملی بیداری کا ثبوت دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔
ایم ڈبلیو ایم اور اصغریہ کی جانب سے قلندری امام بارگاھ نصیر آباد سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ، ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کےضلعی رہنما زوار حبدار علی ، سید قرار حیدر ، سيد اختر حسین ، مست علی ، اختيار علی اور شیرذادعلی کر رہے تھے ۔
رہنمائوں نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آل سعود نے 1926 میں مکہ اور مدینہ جنت البقیع اور جنت المعلیٰ میں موجود آل رسولؐ اور اصحاب رسولؐ کے مقدس مزارات کو مسمار کر کے توہین رسالت کی تھی ، ہم اس واقعے کی پرزور مذمت کرنے کے ساتھ مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد از جلد نبی پاکؐ کی بیٹی سیدہ فاطمہ زھرا ؑ ، ازواج رسولؐ ، آل رسولؐ اور اصحاب رسولؐ کے مقدس مزارات کی تعمیرات کرائی جائے۔