دنیا

کابل میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ، امام مسجد سمیت 12 نمازی شہید

شیعیت نیوز: افغانستان میں کل نماز جمعہ کے وقت مسجد میں زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں امام مسجد سمیت 12 نمازی شہید اور 17 زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق دارالحکومت کابل کے علاقے شکر درہ کی مسجد حاجی بخشئی میں اس وقت زوردار دھماکہ ہوا جب وہاں نماز جمعہ کی ادائیگی کی جارہی تھی۔ دھماکے میں امام مسجد سمیت 12 نمازی شہید اور 17 زخمی ہوگئے۔

پولیس نے بم دھماکے میں امام مسجد مفتی نعمان کے شہید ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق بم مسجد میں ہی نصب کیا گیا تھا تاہم حتمی بات تفتیش کے مکمل ہونے پر ہی کی جاسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حزب اللہ کے وفد کی حماس و جہاد اسلامی کے نمائندوں کےساتھ ملاقات

حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ شہید اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 7 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

تاحال کسی شدت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ طالبان نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی ایسی وارداتیں حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔

افغانستان میں عیدالفطر کی مناسبت سے افغان حکومت اور طالبان کی جنگ بندی کے دوران یہ پہلا بڑا دہشت گردانہ حملہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فلسطین پراسرائیلی جارحیت، حالات اب بیانات سے بڑھ کر اقدامات کا تقاضہ کررہے ہیں، علامہ ناظرتقوی

یاد رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں گزشتہ ہفتے لڑکیوں کے ایک اسکول پر وحشیانہ دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا جس میں درجنوں طالبات سمیت پچاسی افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس وحشیانہ دہشت گردانہ حملے میں ایک سو پچیس افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

رمضان المبارک کے آخری ایام اور عید الفطر سے چند روز قبل ہونے والے اس وحشیانہ دہشت گردانہ حملے کی ایران سمیت مختلف ملکوں نے سخت مذمت کی تھی۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button