غزہ پر وحشیانہ صیہونی بم باری ، 9 بچوں سمیت 20 فلسطینی شہید

شیعیت نیوز: مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ سے شروع ہونے والا تشدد کا سلسلہ اب غزہ کی پٹی تک پھیل گیا ہے۔ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بم باری میں اب تک 9 بچوں سمیت 20 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ شہدا میں 10 سال کی ایک بچی بھی شامل ہے۔ بم باری میں 65 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی بمباری کے بعد غزہ کی پٹی کے تمام اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق غزہ کی پٹی میں بیت حانون کے مقام پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی وحشیانہ بمباری میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں زیادہ جانی نقصان ہوا ہے۔
قابض فوج نے غزہ کی پٹی میں ایک موٹرسائیکل کو میزائل سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار شہید ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں : نہتے فلسطینی عوام پر حملہ غیر انسانی فعل ہے یہ بالکل واضح ہے کہ اسرائیل دنیا کاسب سے بڑا دہشتگرد ہے، زہرانقوی
دوسری طرف غزہ کی پٹی سے فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی کالونیوں پر درجنوں راکٹ فائر کیے ہیں۔ مقامی میڈیا نے یہ اطلاع دی ہے کہ القدس کی پہاڑیوں پر واقع ایک مکان پر راکٹ گرا ہے جس سے اس مکان کو نقصان پہنچا ہے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ سے فلسطینیوں نے ایک ٹینک شکن میزائل بھی داغا ہے،وہ ایک عام گاڑی پر لگنے سے ایک اسرائیلی زخمی ہوگیا ہے۔
حماس اور غزہ سے تعلق رکھنے والے ایک اور مزاحمتی گروپ جہاداسلامی نے راکٹ حملوں کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق غزہ سے کئی راکٹ فائر کیے گئے ہیں۔
اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’یہ ایک پیغام ہے اور دشمن کو اس کو اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی مجاہدین دشمن کی ہرطرح کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔