وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی ماہ رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو کورونا سے نجات کیلئے یوم استغفار کے طور پر منانے کی اپیل
ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کیساتھ تمام مکاتب فکر کے علماء کے اجلاس میں آگاہ کیا گیا کہ کورونا کی تیسری لہر پہلی دو لہروں سے زیادہ خطرناک ہے

شیعیت نیوز: وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے مدیران مدارس، آئمہ جمعہ اور خطباء کے نام خط میں ماہ رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو کورونا سے نجات کیلئے یوم استغفار کے طور پر منانے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک صدقات و خیرات کا مہینہ ہے۔ ماہ مقدس میں مدارس اور مساجد کیساتھ تعاون میں کمی نہیں آنی چاہیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کیساتھ تمام مکاتب فکر کے علماء کے اجلاس میں آگاہ کیا گیا کہ کورونا کی تیسری لہر پہلی دو لہروں سے زیادہ خطرناک ہے، لہٰذا ماہ مبارک جو کہ رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، اسے رحمت و مغفرت کے طور پر منایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: شیعہ عزاداروں کی جبری گمشدگیوں کے خلاف ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین کے تحت گلگت میں علامتی دھرنا
وفاق المدارس الشیعہ کے سیکرٹری جنرل نے زور دیا کہ جہاں رمضان المبارک میں رجوع الی اللہ کی ضرورت ہے، وہیں نماز جمعہ، نماز پنجگانہ، مجالس اور محافل کے اجتماعات میں کورونا سے بچاو کیلئے حکومت کی طرف سے طے کردہ ایس او پیز کے مطابق احتیاطی تدابیر کا بھی خیال رکھا جائے۔
انہوں نے علماء کرام، مدرسین، مدیران جامعات پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے خطابات میں ماسک پہننے، سینیٹائزر اور سماجی فاصلے کو یقینی بنانے پر زور دیں اور عملی طور پر اس پر پابندی کو یقینی بھی بنائیں۔