مقبوضہ فلسطین

مارچ میں صیہونی فوج کی کریک ڈاؤن مہم ، 10 فلسطینی خواتین سمیت 410 افراد گرفتار

شیعیت نیوز: فلسطینی اسیران اسٹڈی سینٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ ماہ کے دوران اسرائیلی فوج کی طرف سے کریک ڈاؤن مہم کے دوران بچوں اور خواتین سمیت 410 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقوں غرب اردن اور القدس میں روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن مہم جاری رکھی۔ اس دوران قابض صیہونی فوج نے مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، سماجی کارکنوں، سیاسی شخصیات طلبا اور عام شہریوں کو گرفتار کیا۔

مارچ میں قابض اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 41 بچوں اور 10 خواتین سمیت 410 افراد کو گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا گیا۔

اسیران اسٹڈی سینٹر کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مارچ میں فلسطینی رہنماؤں کی سیاسی بنیادوں پر گرفتاریوں کا سلسلہ عروج پر رہا۔ سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں کی پکڑ دھکڑ کا مقصد آئندہ ماہ مئی میں فلسطین میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کو سبوتاژ کرنا ہے۔

مارچ میں گرفتار کی جانے والی سرکردہ شخصیات میں رکن پارلیمنٹ حاتم قفیشہ، سابق وزیر عیسیٰ الجعبری ، سابق اسیر رہنما مازن النتشہ شامل ہیں اور ان تینوں کا تعلق غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل سے ہے۔ رام اللہ میں رکن پارلیمنٹ الشیخ جمال الطویل کو حراست میں لیا گیا اور کئی گھنٹے حبس بے جا میں رکھنے کے بعد انہیں رہا کیا گیا۔

قابض فوج نے غزہ کی پٹی کی سرحد سے 4 فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔ ان میں سے تین غزہ کی مشرقی سرحد کے قریب تھے۔

یہ بھی پڑھیں : یورپی یونین کے ایٹمی معاہدے میں امریکہ کی ممکنہ واپسی کے بارے میں مذاکرات

دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران فلسطینی علاقوں میں کورونا کے مزید 20 مریض دم توڑ گئے جب کہ 2353 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق فلسطینی علاقوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1956 مریض صحت یاب ہوئے۔

فلسطینی وزیر صحت می کیلہ نے بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غرب اردن میں 13 مریض وفات پا گئے اور 1272 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ غزہ کی پٹی میں 1081 نئے مریض سامنے آئے جب کہ 7 اموات رجسٹرڈ کی گئی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں کورونا کے صحت یاب ہونے والے مریضوں کا تناسب 89 اعشاریہ 6 فی صد، فعال کیسز 9 اعشاریہ 3 فی صد اور اموات ایک اعشاریہ ایک فی صد ہیں۔فلسطینی اسپتالوں میں کورونا کے 209 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ 68 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button