اہم ترین خبریںپاکستان

شب برات و جشن ولادت منجی عالم بشریت امام مہدی ؑ مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہاہے

واضح رہے کہ رسول خداؐ کے بارہویں جانشین حضرت امام مہدی ؑ کی ذات اقدس شیعہ سنی سمیت تمام مکاتب فکر کے درمیان مشترکہ طور پر قابل احترام ہے ، شیعہ سنی دونوں کا اس بات کا اجماع ہے کہ خدا کا ایک ولی جو اولاد رسول ؐ سے ہوگا جس کا نام مہدی ؑ ہوگا اور وہ قیامت سے قبل ظہور کرکے دنیا سے ظلم وجور کا خاتمہ کرے گا اور اسے عدل انصاف سے بھردے گا۔

شیعیت نیوز: 15 شعبان المعظم کو دنیا بھرکی طرح پاکستان بھرمیں بھی شب برات وجشن ولادت با سعادت حضرت قائمِ آل محمدؐ ، حجت ابن الحسن ، حضرت امام مہدی آخر الزمان علیہ السلام مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہاہے۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد وامام بارگاہ ، گلی محلوں اور عمارتوں کو رنگ برنگے برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے ، جگہ جگہ محافل میلاد وجشن کا اہتمام کیا جارہاہے ۔

شعرائے کرام، منقبت خواں حضرات بارگاہ ولایت وامامت میں نذارانہ عقیدت جبکہ علمائے کرام، خطباء اور واعظین فضائل ومناقب حضرت قائم آل محمد ؐ بیان کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مھدی موعود ؑ کے قیام کے بعد عدل و انصاف کا بول بالا ہوگا اور ظلم و ستم کی جڑیں خشک ہو جائینگی، زہرا نقوی

تفصیلات کے مطابق تمام عالم اسلام 15 شعبان المعظم شب مغفرت کو شب برات اور بارہویں امام حضرت امام مہدی ؑ کا یوم ولادت عید کی طرح طورپر مناتے ہیں ، کورونا وائرس کے سبب اجتماعی عبادات ومناجات کی محافل متاثر ہوئی ہیں، قبرستانوں میں زائرین کو بھی حکومتی ایس اوپیز کی پابندی کی ہدایات کی گئی ہیں۔

شیعہ سنی عوام آج کی شب قبرستانوں کا رخ کرتے ہیں اور اپنے عزیز مرحومین کی قبور پر فاتحہ خوانی، گل پاشی کے ساتھ ساتھ ان کے لئے طلب مغفرت کرتے ہیں۔

آج ہی کی شب میں شیعیان حیدر کرارؑ شب بھر مخصوص اعمال نیمہ شعبان بجالاتے ہیں،خدا کی بارگاہ میں خصوصی دعاؤں ، مناجات اور تعقیبات کی تلاوت کی جاتی ہے،مومنین اپنے گھروں میں حلوے اور مٹھائیاں بناتے ہیں اور اس پر نیاز دیکر دیگرمومنین کے گھروں میں تقسیم کرتے ہیں جبکہ صبح کو سحری تناول کرکے روزہ رکھا جاتاہے۔

یہ بھی پڑھیں:عراقی افواج داعش کے خلاف جنگ کی پوری توانائی رکھتی ہیں، وزیراعظم مصطفی الکاظمی

اس موقع پر مرکزی دعائیہ اجتماع مسجد مقدس جمکران قم ایران میں منعقد کیا جاتا ہے یہ مسجد امام مہدی ؑ سے منسوب ہے جہاں دنیا بھر سے عاشقان مہدیؑ جمع ہوکر اپنے پروردگار کی بارگاہ میں خصوصی مناجات کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ رسول خداؐ کے بارہویں جانشین حضرت امام مہدی ؑ کی ذات اقدس شیعہ سنی سمیت تمام مکاتب فکر کے درمیان مشترکہ طور پر قابل احترام ہے ، شیعہ سنی دونوں کا اس بات کا اجماع ہے کہ خدا کا ایک ولی جو اولاد رسول ؐ سے ہوگا جس کا نام مہدی ؑ ہوگا اور وہ قیامت سے قبل ظہور کرکے دنیا سے ظلم وجور کا خاتمہ کرے گا اور اسے عدل انصاف سے بھردے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button