غزہ پر اسرائیلی ڈرون دھماکے میں 3 فلسطینی ماہی گیر شہید

شیعیت نیوز: فلسطین کی غزہ کی پٹی کے ساحل پر بارود سے بھرا اسرائیلی ڈرون دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 3 فلسطینی ماہی گیر شہید ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطین کی غزہ کی پٹی میں مچھلی کا شکار کرنے والی کشتی ڈرون دھماکے سے پھٹ گئی، کشتی تباہ ہونے سے 3 فلسطینی ماہی گیر شہید ہوگئے۔
اس حوالے سے فلسطینی وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البوزوم کا کہنا تھا کہ تینوں ماہی گیر اسرائیلی ڈرون کے پھٹنے سے شہید ہوئے۔ کشتی کی باقیات اور مچھلی پکڑنے کے جال سے اسرائیلی ڈرون کے ٹکڑے ملے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : قدس میں انتخابات کو اسرائیل کے خلاف جنگ میں بدل دیں گے، حماس
دوسری جانب فلسطینی اسیران اسٹڈی سینٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بہ ظاہر جمہوریت اور شہری آزادیوں کا راگ الاپنے والی قابض صیہونی ریاست فلسطینی پارلیمنٹ کے منتخب نمائندوں کو بدستور پابند سلاسل رکھے ہوئے ہے۔ اس وقت بھی صیہونی زندانوں میں فلسطینی قانون ساز کونسل کے 9 رکن بدستور پابند سلاسل ہیں۔
فلسطینی اسیران اسٹڈی سیںٹر کے ترجمان ریاض الاشقر نے بتایا کہ اسرائیلی حکام نے رکن پارلیمنٹ محمد ابو طیر کو رہا کیا ہے مگر اس کے بعد بھی اسرائیلی جیلوں میں 9 فلسطینی رکن پارلیمنٹ قید ہیں۔
ریاض الاشقر کا کہنا تھا کہ صیہونی حکام نے 69 سالہ محمد ابو طیر کو گذشتہ روز 11 ماہ تک مسلسل بغیر کسی الزام کے انتظامی قید کے تحت پابند سلاسل رکھنے کے بعد رہا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ محمد ابو طیر 36 سال سے زیادہ کا عرصہ صیہونی زندانوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔ انہیں فلسطینی پارلیمنٹ کا رکن منتخب ہونے بعد 2010ء کو بیت المقدس سے بے دخل کردیا گیا تھا۔
ریاض الاشقر نے بتایا کہ اس وقت اسرائیلی زندانوں میں 9 رکن پارلیمنٹ قید ہیں۔ ان میں الخلیل کے محمد بدر، نابلس کے یاسر منصور انتظامی قید کے تحت پابند سلاسل ہیں جب کہ خالدہ جرار 2019ء سے بدستور پابند سلاسل ہیں۔