مشرق وسطی

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو آج متحدہ امارات کے دورے پر ابوظبی پہنچیں گے

شیعیت نیوز: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ایک ماہ کی تاخیر کے بعد آج متحدہ عرب امارات کے پہلے باضابطہ دورے پر پہنچیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے اپنے پہلے دورے پر ابوظبی پہنچ رہے ہیں۔ اسرائیل کے وزیراعظم کو گزشتہ ماہ ابوظہبی آنا تھا تاہم کورونا وبا کے باعث دورہ ملتوی کردیا گیا تھا۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو امارات کے دورے پر معاہدہ ابراہیم پر عمل درآمد سے متعلق اماراتی قیادت سے تبادلہ خیال کریں گے جب کہ اسرائیل میں اماراتی سفارت خانے کے قیام کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے فوری طور پر اس دورے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے تاہم عالمی خبر رساں ادارے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : الشیخ عکرمہ صبری کئی گھنٹے حبس بے جا میں رہنے کے بعد رہا

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا معاہدہ اگست 2020 میں ہوا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفری تعلقات بحال ہوگئے تھے جب کہ سفارت خانہ بھی کھولنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

گزشتہ برس بھی افواہ بھی زیر گردش رہی تھی کہ اسرائیلی وزیراعظم متحدہ عرب امارات کا خفیہ دورہ کرچکے ہیں جس کی تصدیق فضائی راستوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ نے بھی کی تھی تاہم دونوں ممالک نے ان خبروں کی تردید کی تھی۔

نیتن یاھو ایک ایسے وقت میں امارات کے دورے پر جا رہے ہیں جب دوسری طرف 12 دن بعد اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ یہ انتخابات آئندہ حکومت کے حوالے سے نیتن یاھو کے لیے فیصلہ کن ہو سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے 15 ستمبر 2020ء کو امریکا میں امن معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد معیشت، تجارت، بنکنک، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری، صحت اور دوسرے شعبوں میں تعاون کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button