مشرق وسطی

عمان اور کویت کی زمینی و سمندری سرحدیں تا حکم ثانی بند

شیعیت نیوز: عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے خدشات کو پیش نظر رکھتے ہوئے عمان اور کویت نے اپنی زمینی و سمندری سرحدیں تا حکم ثانی بند کردی ہیں۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق اس بات کا فیصلہ کویت کی وزارتی کونسل نے کیا ہے۔ فیصلے کے تحت ملک کی سمندری و بحری سرحدوں کی بندش کے باوجود جہاز رانی کی صنعت سے وابستہ کارکنان، کویتی شہریوں اور ان کے خاندانوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔

کویت نے ریستورانوں اور کیفے میں بھی لوگوں کے جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ آئندہ بدھ سے لوگوں کو ریستورانوں اور کیفوں میں کھانے کی خدمات مہیا کرنے پر پابندی لگادی گئی ہے لیکن لوگوں کو یہ اجازت ہو گی کہ وہ ان جگہوں سے کھانا اپنے دفاتر یا گھروں پر منگوا سکیں گے۔

کویت نے اس سے قبل کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر 7 فروری کو غیرملکی شہریوں کے ملک میں داخلے پربھی پابندی عائد کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : مآرب میں یمنی فوج اور عوامی رضا کار فورس کی تیز رفتار پیش قدمی

دوسری جانب کورونا وائرس کے پیش نظرعمان نے 15 روز کے لیے پروازیں معطل جب کہ دس ممالک کے مسافروں پر تا حکم ثانی پابندی بھی عائد کر دی ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے حوالے سے قائم عمان کی اعلیٰ کمیٹی نے سوڈان، لبنان، جنوبی افریقہ، برازیل اور نائیجیریا کے مسافروں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ تنزانیہ، گھانا، گنی، سیرالیون اور ایتھوپیا کے مسافروں کے لیے بھی عمان کے دروازے بند رہیں گے۔ پروازوں پر 15 روز کے لیے پابندی اور دو ہفتے کے لیے سفری پابندی کا اطلاق جمعرات سے ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق عمان کے شہریوں، سفارت کاروں، ہیلتھ ورکروں اور ان کی فیملیوں پر اس بین کا اطلاق نہیں ہو گا تاہم انہیں مقررہ کردہ صحت کے پروٹوکولز پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

عمان کی حکومت نے اپنے شہریوں سے اپیل کی ہے وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب برتیں۔ رپورٹ کے مطابق عمان میں کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 39 ہزار 692 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ گزشتہ روز 26 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ عمان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث ایک ہزار 555 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button