یمن

ملت یمن کا انصاراللہ کے خلاف امریکہ کے دشمنانہ اقدام کی مذمت میں مظاہرے

شیعیت نیوز: تحریک انصار اللہ کا نام دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرنے کے امریکی فیصلے کے خلاف ملت یمن اور اس ملک کے مختلف گروہوں نے اپنے مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے تعز میں بھی مظاہرے کئے۔

یمنی مظاہرین نے ملت یمن کے خلاف امریکی سعودی اتحاد کے جاری جرائم کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی جانب سے یمن کے آئل ٹینکروں کو روکے جانے کی سخت مخالفت کی۔

یمنی مظاہرین نے اپنے بیان میں سعودی اتحاد کی جارحیتوں کے مقابلے میں ملت یمن کی استقامت جاری رہنے کا اعلان کیا اور آزادی ، سربلندی اور عزت کے لئے انقلابی رہنماؤں کی راہ پر گامزن رہنے نیز ان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں : کسی بھی دشمن کو پوری طاقت اور کم وقت میں جواب دیں گے، جنرل باقری

اس بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ امریکہ کی براہ راست دہشت گردی کے ذریعے یمنی بچوں اور خواتین سمیت عام شہریوں کے خلاف جارح اتحاد کے جرائم سے اس اتحاد کے اخلاقی انحطاط کا اندازہ ہوتا ہے اور واضح ہوجاتا ہے کہ جارح امریکی و سعودی اتحاد کس حد تک پستی میں گر چکا ہے ۔

اس بیان میں ملت یمن سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دشمن کی سازشوں کے مقابلے میں ڈٹ جائیں اور سامراجی طاقتوں کے مقابلے میں استقامتی محاذ کی بھرپور حمایت کریں۔

یاد رہے امریکی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے یمن کی تحریک انصار اللہ کا نام دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکہ اور دیگر ملکوں کی حمایت سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کررہے ہیں اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔ جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں میں دسیوں لاکھ یمنی شہری بے گھر بھی ہوئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button