شہید قاسم سلیمانی (SQS)عراق

شہید سلیمانی نے داعش کے قبضے سے عراقی آزادی پر خود کو قربان کر دیا ہے، ہادی العامری

شیعیت نیوز: عراقی عوامی مزاحمتی فورس البدر کے سیکرٹری جنرل اور سینیٹ میں الفتح اتحاد کے سربراہ ہادی العامری نے اسلامی مزاحمتی محاذ کے شہید کمانڈروں جنرل قاسم سلیمانی و ابو مہدی المہندس کی پہلی برسی کے حوالے سے صوبہ صلاح الدین میں منعقد ہونے والی ایک کانفرنس سے خطاب میں تاکید کی ہے کہ ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی نے داعش کے قبضے سے عراقی آزادی پر خود کو قربان کر دیا ہے۔

عراقی ای مجلے المعلومہ کے مطابق البدر کے سیکرٹری جنرل نے صوبہ صلاح الدین میں منعقد ہونے والی ایک کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی نے عراق کی آزادی کے لئے بہت زیادہ کاوشیں کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی ہم سے بھی بڑھ کر عراق کے لئے فکرمند تھے اور یہی وجہ تھی کہ وہ ہمیں بھی عراق کی آزادی کے لئے دعوت دیا کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ شہید سلیمانی کے قتل کے معاملے کی سزا سے محفوظ نہیں ہوگا، ایرانی عدلیہ

ہادی العامری نے کہا کہ وہ عراقی آزادی کے ہم سے بڑھ کر خواہشمند تھے، لہٰذا انہوں نے عراق کے لئے خود کو خطرے میں ڈال دیا، ہمیشہ ہراول دستے میں موجود رہے اور عراقی آزادی کے رستے میں ہی شہادت پر بھی فائز ہوئے۔

انہوں نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ اگر دشمن ہمیں شہادت سے ڈرانا چاہتا ہے تو سن لے کہ ہم شہادت کے رستے سے ہی دشمن پر فتحیاب ہوتے ہیں!

دوسری جانب ایرانی سپاہ قدس کے سابق کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی، عراقی حشد الشعبی کے سابق ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس اور رفقاء کی پہلی برسی کے حوالے سے عراق کے جنوبی شہر ناصریہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں عالمی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم داعش کے قبضے سے عراقی آزادی اور دہشت گردی کے خلاف مؤثر جنگ پر جنرل قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اس تقریب میں عراقی عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شہید کمانڈرز کے ساتھ، عالمی تسلط کے نظام کے خلاف اپنے مزاحمتی کردار پر ڈٹے رہنے کا عہد کیا۔

واضح رہے کہ جاری سال کی ابتداء میں 3 جنوری 2020ء کے روز جنرل قاسم سلیمانی، ابومہدی المہندس اور ان کے 8 عراقی و ایرانی رفقاء کو ایک ایسے وقت میں بغداد ایئرپورٹ سے نکلتے ہوئے شہید کر دیا گیا تھا جب جنرل قاسم سلیمانی اُس وقت کے عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمہدی کی دعوت پر علاقائی مسائل کے حوالے سے گفتگو کے لئے وہاں پہنچے تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button