معروف محب اہل بیت ؑعالم دین اور داعی اتحاد امت مولانا طارق جمیل کورونا میں مبتلا، دعائے صحت کی اپیل
مولانا طارق جمیل نے یہ بات سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر بتاتے ہوئے کہا کہ وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں

شیعیت نیوز: کورونا وائرس کے نتیجے میں پاکستان میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کیسز کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ کووڈ کی دوسری لہر کے دوران متعدد معروف شخصیات میں اس وبائی مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔ اب معروف محب اہل بیت ؑعالم دین اور داعی اتحاد امت مولانا طارق جمیل میں بھی کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی ہے۔ ادارہ شیعیت نیوز کی دعائے صحت کی اپیل۔
مولانا طارق جمیل نے یہ بات سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر بتاتے ہوئے کہا کہ وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند روز سے طبیعت خراب تھی اور ٹیسٹ کروانے پر کورونا کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد ڈاکٹروں کے مشورے سے وہ ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی جاری ایک پیغام میں لوگوں سے صحتیابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی۔
یہ بھی پڑھیں: نیشنل ایکشن پلان کا جنازہ، کراچی میں ملک دشمن کالعدم سپاہ صحابہ کا کھلے عام جلسہ
واضح رہے طارق جمیل ایک معروف پاکستانی مبلغ اورمحب اہل بیت رسولؐ عالمِ دین ہیں، ان کی تبلیغی کوششوں کے باعث بہت سے گلوکار، اداکار اور کھلاڑیوں کی زندگیوں میں واضح تبدیلی دیکھنے میں آئی۔ رواں سال حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا جو 23 مارچ 2021 کو دیا جائے گا۔
گزشتہ سال وہ عارضہ قلب کے باعث بھی ہسپتال میں زیرعلاج رہے تھے اور انجیوپلاسٹی کی گئی تھی۔ یکم جنوری 2019 کو دل میں درد کی شکایت ہوئی تھی جس کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی انجیوگرافی کی گئی۔ بعد ازاں مولانا طارق جمیل کے ترجمان طاہر رحیمی نے بتایا تھا کہ مولانا کو دل کی شریان بند ہونے کی وجہ سے ایک اسٹنٹ ڈالا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عیسائیوں کے لبادے میں چھپے صیہونیوں کا کراچی میں احتجاجی مظاہرہ ،پاکستان سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا مطالبہ
واضح رہے اس سال پاکستان میں مختلف مکاتب فکر کے متعدد علمائے کرام داعی اجل کو لبیک کہہ گئے ہیں جن میں علامہ طالب جوہری، علامہ ضمیر اختر نقوی، مفتی محمد نعیم ، خادم حسین رضوی اور دیگر شامل ہیں ۔ ادارہ شیعیت نیوز تمام قارئین سے التماس کرتا ہے کہ وہ فخر پاکستان داعی اتحاد بین المسلمین مولانا طارق جمیل کی مکمل صحت یابی کیلئے خصوصی دعا فرمائیں ۔