مقبوضہ فلسطین

سعودیہ میں نیتن یاھو کا استقبال حرمین، القدس سے غداری ہے: اسلامی جہاد

اسلامی جہاد نے اسرائیلی وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کو عالم اسلام، مکہ معظمہ، مدینہ منورہ اور مقبوضہ بیت المقدس کے ساتھ غداری قرار دیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی جہاد کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں نیتن یاھو کا خفیہ دورہ اور سعودی ولی عہد کی جانب سے قابض ریاست کے وزیراعظم کا استقبال سعودی عرب کی سیاسی شکست، القدس، مکہ معظمہ ، مدینہ منورہ، مسجد اقصیٰ اور القدس کے ساتھ غداری ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی عہدیداروں کے سعودی عرب کے دوستانہ دورے عالم اسلام کو مقدس مقامات کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی توجہ دلاتے ہیں۔ اس طرح کے دورے ارض مقدس کے خلاف صہیونی ریاست کے جارحانہ اور گھائونے عزائم کو آگے بڑھانے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

بیان میں مزید خبر دار کیا گیا ہے کہ اس طرح کے دورے فلسطینی قوم ہی نہیں بلکہ پوری مسلم امہ اور اس کے مقدسات کو ہدف بنانے کے لیے کیے جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ اتوار کے روز وزیراعظم نیتن یاھو نے سعودی عرب کا خفیہ دورہ کیا اور نیوم شہر میں نتین یاھو نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی۔

اسرائیلی وزیر تعلیم یواف گالنٹ نے عبرانی فوجی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے اسلاف کا ایک خواب آج شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔ عالم اسلام کے اہل سنت کے سواد اعظم ‘سعودی عرب’ نے اسرائیل کے لیے اپنے دروازے کھول دیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو نے سعودی عرب کا دورہ کیا ہے۔ اب واضح‌ہوگیا ہے کہ امریکا، اسرائیل اپنے سنی مسلمان اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایرنای شیعہ انتہا پسندی کے خلاف کام کررہا ہے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button