مقبوضہ فلسطین

فرانسیسی صدر کی اسلام کے خلاف دشنام طرازی پر فلسطینی علما کی شدید مذمت

فلسطینی علما نے اسلام کے خلاف توہین آمیز ریمارکس پر فرانسیسی صدر کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں اسلام کے حوالے سے ‘جاھل مطلق’ قرار دیا ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی علما کونسل کے چیئرمین الشیخ مروان ابو راس نے کہا کہ فرانسیسی صدر عمانویل میکروں کے اسلام کے خلاف ریمارکس مغرب میں اسلام فوبیا کا ثبوت ہیں۔

خیال رہے کہ فرانسیسی صدر عمانویل میکروں ‌نے ایک بیان میں کہا تھا کہ دنیا بھر میں سلامتی سے متعلق پیدا ہونے والے بحرانوں کا کسی نا کسی شکل میں اسلام کے ساتھ تعلق ثابت ہوتا ہے اور ان بحرانوں کے زیادہ تر ذمہ دار مسلمان ہیں۔

فلسطینی علما کونسل کے چیئرمین مروان ابو راس نے کہا کہ فرانسیسی صدر کا یہ بیان اسلام جیسے عظیم دین کی توہین اور حقائق سے علمی کا کھلا ثبوت ہے۔ فرانسیسی صدر نے اپنے بیان سے ثابت کیا ہے کہ وہ اسلام اور اسلام کی حقیقی تعلیمات کےبارے میں نا بلد ہیں۔

انہوں‌ نے کہا کہ دنیا میں بحران اسلام کے پیدا کردہ نہیں۔ اسلام اللہ تعالیٰ کا پسندیدہ دین ہے اور اس کی حفاظت بھی اللہ نے اپنے ذمے لے رکھی ہے۔ مغرب اسلام دشمنی میں آ کر مسلمانوں اور اسلام کو بدنام کرنے کی مذموم مہم چلا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی بڑی طاقتیں اسلام کے خلاف سازشوں میں سرگرم ہیں۔ پوری دنیا میں اس وقت مسلمان سب سے زیادہ ظلم کا شکار ہیں۔

-مرکز اطلاعات فلسطین

متعلقہ مضامین

Back to top button