دنیا

سوڈان کا 40 رکنی وفد جلد اسرائیل کا دورہ کرے گا:عبرانی میڈیا

اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ سوڈان کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد آئندہ ماہ اسرائیل کا دورہ کرے گا۔

عبرانی ٹی وی چینل ‘کے اے این’ نے اتوار کے روز نشر کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ تل ابیب اور خرطوم کے درمیان رابطوں کے نتیجے میں سوڈان کا 40 رکنی وفد نومبر میں صہیونی ریاست کا دورہ کرے گا۔

عبرانی ٹی وی چینل کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیل کا دورہ کرنےوالے سوڈانی وفد میں کھلاڑی، فن کار، تاجر، سابق ارکان پارلیمنٹ اور مشہور سوڈانی کاروباری شخصیت ابو القسام برطم بھی شامل ہیں۔

عبرانی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے قاسم برطم نے کہا کہ وہ اسرائیل کے غیر سرکار رہ نمائوں سے رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال اس دورے کے حوالے سے حکومت سے بات چیت جاری ہے۔ سوڈان کا موجودہ عبوری قانون خرطوم کو اسرائیل کے ساتھ دوروں سے منع نہیں کرتا۔

انہوں ‌نے کہا کہ سوڈان کے غیر سرکاری دورہ اسرائیل کا مقصد دونوں ملکوں کےدرمیان تعلقات کے حوالے سے حائل اس نفسیاتی رکاوٹ کو توڑنا ہے جو سوڈان اور اسرائیل کے درمیان قربت کی راہ میں حائل ہے۔

سابق رُکن پارلیمنٹ نے اسرائیلی حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنے شہریوں کو سوڈان کے دورے کی اجازت دے۔ اس طرح‌کے دوروں سے دونوں قوموں کے درمیان قربت میں اضافہ ہوگا۔

درایں اثنا سوڈان کے وزیر خارجہ عمر قمر الدین کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کا معاملہ فی الحال زیرغور ہے۔ جب تک اس معاملے پر تفصیل کے ساتھ بحث نہیں‌کی جاتی اس وقت اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کا حتمی فیصلہ نہیں‌کیا جا سکتا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button