ایران

امریکہ افغانستان میں خود ساختہ دلدل میں پھنس گیا، فلسطینی قوم کی مدد جاری رہے گی

شیعت نیوز : ایران نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان میں خود ساختہ دلدل میں پھنس گیا ہے ۔دوسری طرف ایران کی مجلس شوریٰ کے وائس چیئرمین امیر حسین قاضی زادہ ہاشمی نےکہا کہ ایران فلسطینی قوم کی مدد جاری رکھے گا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے امریکی ذرائع ابلاغ میں من گھرٹ اور جھوٹ پر مبنی خبروں کے ردعمل میں کہ جن میں اس بات کا دعوی کیا گیا تھا کہ دوسرے ممالک افغانستان میں موجود امریکی فوجیوں کو مارنے کیلئے طالبان گروہ کی مالی حمایت کرتے ہیں امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ دوسروں پر الزام لگانے کے بجائے اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے افغانستان سے نکل جائے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ افغانستان میں خود ساختہ دلدل میں پھنس گیا ہے اور وائٹ ہاؤس کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے امریکی فوجیوں کا خون اپنے وطن سے ہزاروں میل دور بہایا جاتا ہے اور کئی سالوں کی جنگ اور افغانستان کے بے گناہ لوگوں کے قتل اور خونریزی کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

یہ بھی پڑھیں : محرم سے قبل مجالس و جلوس کے راستوں پر انتظامات نامکمل ہوئےتو احتجاج کیا جائے گا، جعفریہ الائنس

ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ امریکی حکومت افغانستان میں مارے گئے امریکی فوجیوں کے گھروالوں کو کوئی جواب نہیں دے سکتی لہٰذا وہ میڈیا پروپیگنڈے سے اپنی غلطیوں کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔

دوسری جانب ایران کی مجلس شوریٰ کے وائس چیئرمین امیر حسین قاضی زادہ ہاشمی نے ایران میں اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے مندوب ڈاکٹر خالد القدومی سےٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران فلسطینی قوم کی مدد جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران سمیت پوری مسلم امہ کوعلم ہے کہ متحدہ عرب امارات نے ایک عرصےسے اسرائیل کے ساتھ در پردہ تعلقات قائم کررکھے تھے۔ امارات کے علاوہ کئی دوسرے خلیجی عرب ممالک بھی اسرائیل کے خفیہ دوست ہیں مگر اب وہ امریکہ کے دبائو کے تحت اسرائیل کے ساتھ اعلانیہ تعلقات قائم کررہے ہیں۔

امیر حسین قاضی زادہ نے کہا کہ ایران فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق اور فلسطینیوں کی آزادی کے لیے مزاحمت کی حمایت جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دنیا کو کوئی ایک ملک بھی فلسطینیوں کی مدد اور حمایت نہ کرے تب بھی ہم فلسطینی قوم کی مدد جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کی آزادی کے بغیر ایران کا اسلامی انقلاب نا مکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنہ 1979ء میں ایران میں برپا ہونے والے اسلامی انقلاب کا ایک مقصد فلسطین کی آزادی اور قابض صیہونی ریاست کا زوال بھی تھا۔

ایران فلسطین سمیت پوری مسلم دنیا کی مغربی استعمار کے پنجوں سے آزادی ،خود مختاری اور خوش حالی کا خواہاں ہے۔

انہوں نے عرب ممالک کے حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ منافقت کا لبادہ ترک کرکے فلسطینی قوم کا ساتھ دیں۔ اور فلسطینیوں کے حقوق کی قیمت پر اپنا اقتدار بچانے کے بجائے حق کا ساتھ دیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button