پاکستان کی اہم خبریں

کراچی، رینجرز اور سی ٹی ڈی کا مشترکہ آپریشن، 2 انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

شیعیت نیوز : کراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں سی ٹی ڈی اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگرد ہلاک کر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں رینجرز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزمان محمد رفیق عرف عادل عرف حبیب اللّٰہ اور عدنان شبیر عرف قاری پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث اور فورسز کو انتہائی مطلوب تھے۔

یہ خبر بھی پڑھیں لاہور، سی ٹی ڈی نے خودکش حملہ آور گرفتار کرلیا

محمد رفیق عرف عادل عرف حبیب اللّٰہ کی گرفتاری پر 20 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔ ملزم عدنان شبیر عرف قاری کالعدم تنظیم کا انتہائی خطرناک دہشتگرد تھا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ہلاک دہشتگرد بم دھماکوں، بینک ڈکیتی، فرقہ وارانہ دہشتگردی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی متعدد ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت محمد رفیق اور محمد عدنان کے نام سے ہوئی، جن کا تعلق کالعدم دہشتگرد تنظیم سے ہے، دونوں لاشوں کو سول اسپتال کراچی منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

سی ٹی ڈی انچارج مظہر مشوانی نے بتایا کہ ہلاک دہشتگردوں سے 2 کلاشنکوف، 2 پسٹل، 9 ایم ایم اور بڑی مقدار میں کلاشنکوف اور پسٹل کی گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button