دنیا

سعودی عرب، بحرین اور عمان کے ساتھ بھی جلد معاہدے ہوں گے، ایلی کوہن

شیعت نیوز : اسرائیل کے انٹیلی جینس کے وزیر ایلی کوہن نے کہا ہے کہ سعودی عرب، بحرین اور عمان بھی متحدہ عرب امارات کے نقش قدم پر چلنے اور اسرائیل کے ساتھ امارات جیسا معاہدہ کرنے کے لئے آمادہ ہیں۔ اسرائیل کے انٹیلیجنس کے وزیر نے کہا کہ دیگر مسلمان ممالک سے بھی آئندہ برس تک معاہدوں کا امکان ہے۔

اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے وزیر برائے انٹیلی جینس ایلی کوہن نے اسرائیل کے آرمی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ، بحرین اور عمان سے بھی امارات جیسے معاہدے ہونے والے ہیں ، اس کے علاوہ مسلمان افریقی ممالک سے بھی سفارتی تعلقات کے قیام کے معاہدے ہوجائیں گے۔

اس نے کہا کہ میرے خیال میں سعودی عرب ، عمان اور بحرین لازمی طور پر ایجنڈا کا حصہ ہیں اور میرے تجزیے کے مطابق آئندہ برس میں مسلم افریقی ممالک سے بھی امن معاہدے ہوجائیں گے جن میں سوڈان سرِ فہرست ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امارات کے بعد اب سعودی عرب کی باری، اسرائیل کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت

واضح رہے کہ سعودی عرب ، بحرین اور عمان اس سے قبل اسرائیل کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے معاہدے کا خیر مقدم کرچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے امارات اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کو نتیجہ تک پہنچانے میں امریکہ کو مدد فراہم کی ہے۔

ادھر وائٹ ہاؤس کے حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ اسرائیل کے ساتھ معمول کے سفارتی تعلقات کے قیام کے لیے امریکہ، سعودی عرب سمیت متعدد ممالک سے رابطے میں ہے۔

جمعرات کو عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد مسلم ممالک نے متحدہ عرب امارات کو غدار قراردیدیا ہے جبکہ فلسطین نے اپنا سفیر امارات سے واپس بلا لیا ہے۔

یاد رہے کہ بحرین اور عمان نے امریکی کی سرپرستی میں کیے جانے والے اسرائیل، امارات معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔ بحرین کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ جلد ہی اسرائیل کو تسلیم کر لے گا۔

رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے بارے میں حالیہ پیشرفت سعودی سرپرستی میں ہو رہی ہے، خلیج میں سعودی زیر اثر ممالک یکے بعد دیگرے اسرائیل کو تسلیم کرنے اور تعلقات قائم کرنے کی ابتدا ہو چکی ہے، بتایا جا رہا ہے کہ جلد ہی سعودی عرب اسرائیل کے ساتھ متحدہ عرب امارات طرز پر اعلانیہ معاہدہ کرنے والا ہے۔

خیال رہے کہ سعودیہ اور اسرائیل میں بہت پہلے سے ہی خفیہ روابط قائم ہیں، گزشتہ سال اسرائیل نے باقاعدہ طور پر اپنے شہریوں کو سعودی عرب جانے کی اجازت دیدی تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button