ہم لبنانی قوم کی مدد کے لئے اپنی تمام صلاحیتوں سے استفادہ کررہے ہیں۔ جنرل سلامی
شیعت نیوز : ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے لبنان کے ہولناک دھماکے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران رضاکارانہ طور اپنی تمام صلاحیتوں اور ظرفیتوں کے ساتھ لبنانی قوم کی مدد کے لئے میدان میں موجود ہے۔
انھوں نے شہید میجر جنرل قاسم سلیمانی تحقیقاتی سینٹر ميں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیائے اسلام میں لبنانی قوم اسلامی مزاحمت کا درخشاں نگین ہے ۔ لبنانی قوم نے ہمیشہ صبر و تحمل کے ساتھ مختلف حوادث کا مقابلہ کیا ہے۔
میجر جنرل سلامی نے کہا کہ ہم مشکل شرائط میں لبنانی عوام کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ہم اس مشکل گھڑی میں لبنانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ایرانی امداد کی دوکھیپیں لبنان پہنچ چکی ہیں اور ایران اپنی تمام صلاحیتوں اور توانائیوں کے ساتھ لبنانی قوم کی مدد کے لئے میدان میں سرگرم عمل ہے۔ ہماری ٹیمیں لبنانی عوام کے آلام و مصائب کم کرنے کے سلسلے میں لبنان پہنچ گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہیروشیما پر ایٹمی حملہ امریکہ کی سامراجی فطرت کا شاخسانہ ہے۔ رہبر معظم
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بیروت میں ہوئے بڑے دھماکے کے حوالے سے اپنے لبنانی ہم منصب شریل وھبہ کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی اس گفتگو میں محمد جواد ظریف نے لبنانی قوم اور حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پیش آنے والے حادثے میں لبنانی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ایرانی قوم کی جانب سے لبنانی قوم اور حکومت کو تعزیت پیش کی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اس گفتگو میں اعلان کیا ہے کہ ایران، لبنان کی ہر قسم کی مدد کرنے کو تیار ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ بعدازاں ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں بھی شریل وھبہ کے ساتھ ہونے والی اپنی گفتگو کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ لبنانی وزیر خارجہ وھبہ کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں لبنانی عوام کے ساتھ ایران کی یکجہتی اور گہری ہمدردی پر زور دیا گیا ہے۔