پاکستان

کشمیریوں کی آزادی کیلئے سفارتی، سیاسی و اخلاقی حمایت میں تیزی لائی جائے، علامہ ساجد نقوی

شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ خطے کا امن، مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر ممکن نہیں، مقبوضہ کشمیر میں آئین شکنی کی بھارتی کارروائیاں یو این قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔ کشمیریوں کے تشخص، آزادی، حقوق اور جغرافیائی تحفظ کے لئے آزاد خارجہ پالیسی مرتب کی جائے اور سفارتی، سیاسی و اخلاقی حمایت میں تیزی لائی جائے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں 89ویں یوم شہدا کے طور پر منائے جانے کے موقع پر کیا۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ طاقت اور جبر کے زور پر کسی قوم کو دبایا نہیں جاسکتا۔ بی جے پی حکومت کا 2019 میں آرٹیکل 370 کے خاتمہ کا اقدام قابل مذمت ہے، جس نے مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب آئینی دہشتگردی سے بدلنے کی کوشش کی، جس کا مقصد بھارت غیر کشمیریوں کو مقبوضہ کشمیر میں بساکر مسلم اکثریت ختم کرنا چاہتا ہے۔

کشمیریوں کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے پر شیعت نیوز کا فیس بک پیج بلاک

ا نہوں نے کہا کہ بابائے قوم محمد علی جناح ؒ نے دنیا پر دوٹوک الفاظ میں واضح کردیا تھا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جاسکتا، ہندوستان کا کشمیر پر قبضہ ناجائز اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے لیکن افسوس حقوق بشیریت کے لئے صدائے احتجاج بلند کرنیوالوں اور آسمان سر پر اٹھانے والوں کی زبانیں معلوم نہیں کیوں بھارت کے خلاف گنگ ہیں۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ حکومت پاکستان کو اپنی سفارتی کوششوں کو مزید تیز کرنا ہوگا تاکہ مظلوم بھائیوں کو آزادی کی نعمت نصیب ہوسکے۔ بھارتی ظلم پر اقوام متحدہ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل تک چیخ اٹھے مگر افسوس آج بھی طاقت ور ممالک مفاد کی خاطر بھارت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ او آئی سی اور خصوصاً اثرو رسوخ رکھنے والی اسلامی ریاستوں کی خاموشی انتہائی تشویشناک ہے اور مفادات سے بالا تر ہو کر تمام اسلامی ممالک کو مظلوم کشمیریوں کی آزادی کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔آخر میں علامہ ساجد نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کو کشمیر پر قبضہ ختم کر دینا چاہیے اور کشمیری عوام کو آزادانہ رائے استعمال کرنے کا حق دینا چاہیے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button