دنیا

یورپین پارلیمنٹ کے ممبران کا ہندوستان کے ساتھ مسئلہ کشمیر اٹھانے کا مطالبہ

شیعت نیوز: مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کے تناظر میں یورپین پارلیمنٹ کے 15 ممبران نے یورپین قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر اٹھائے۔ یہ مطالبہ یورپین پارلیمنٹ کے ممبران نے یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین اور یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل کے نام تحریر کردہ ایک خط میں کیا۔

رپورٹ کے مطابق یورپین پارلیمنٹ کے نائب صدر فابیو ماسولو کیستالدو و دیگر نے اپنے خط میں یورپین قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر آج کی دنیا میں سب سے طویل عرصے سے جاری ایسا تنازعہ ہے جو اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ اور شاید فوج کی موجودگی کے تناسب سے خطرناک ترین ہے جو جنگی فلیش پوائنٹ ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وطن عزیز میں ستر ہزار شہداء کے قاتل تکفیری مائنڈ سیٹ کو دوبارہ متحرک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،علامہ راجہ ناصرعباس

ممبران پارلیمنٹ نے خط میں کہا کہ اس طویل جاری تنازع کے سبب کشمیری عوام ناقابل برداشت دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں اور جہاں وہ گذشتہ سات عشروں سے اپنی آزادی اور بنیادی حقوق سے محروم چلے آ رہے ہیں۔ اس بات کا تذکرہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے جاری کردہ 2018ء اور 2019ء کی رپورٹ میں بھی کیا گیا ہے۔

بھارت کی جانب سے اس علاقے پر کنٹرول کی کوششوں کے نتیجے میں ہزاروں عام شہری ہلاک اور بے شمار اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ ان بڑھتے ہوئے اعداد و شمار کا ذکر جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی تنظیم جموں و کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی نے بھی کیا ہے۔ ممبران پارلیمنٹ نے اپنے خط میں مزید تحریر کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی کئی نسلیں سوائے جبر کے کچھ اور نہیں دیکھ پا رہیں۔

ممبران پارلیمنٹ نے خط میں بھارتی وزیراعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسی دوران ان کی قیادت میں بی جے پی نے الیکشن جیتنے کے بعد اپنے زیرانتظام کشمیر کی حیثیت میں تبدیلی کرتے ہوئے وہاں مزید فوج اتاری، کرفیو لگایا، ذرائع مواصلات کو مکمل بند کیا اور سیاسی قیادت کو گرفتار کر لیا اور جہاں گذشتہ 9 ماہ سے غیر اعلانیہ کرفیو نافذ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آنیوالے چند ماہ میں پاکستان پر جارحیت کرنے کیلئے اسٹیج بنایا جارہاہے، میجر جنرل بابر افتخار

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت جو پہلے ایک جمہوری اور سب کو ساتھ لیکر چلنے والی ریاست تھی وہاں اب ہندو قوم پرستی معاشرے اور سیاست پر غلبہ حاصل کر رہی ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کا معاملہ سیاسی طور پر نہیں بلکہ اپنی فوجی طاقت کے بل بوتے پر اکیلا حل کرنا چاہتا ہے۔

ان خط لکھنے والے ممبران پارلیمنٹ نے یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندر لین اور یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل سے مزید مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان اور کشمیری عوام سمیت اس تنازع کے بڑے فریق بھارت کو اس مسئلے پر مذاکرات کیلئے آمادہ کریں اور ہماری قیادت کے طور پر بھارت کو ہماری اس تشویش سے آگاہ کریں کہ وہ کشمیری عوام اور بھارتی مسلمانوں کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے باز رہے۔

یاد رہے کہ دو ہفتے قبل یورپین پارلیمنٹ کے اندرونی تحقیقی مرکز نے ممبران پارلیمنٹ اور ان کے اسٹاف کی مدد کیلئے ایک رپورٹ شائع کی تھی۔ جس کے نتیجے میں نہ صرف پارلیمنٹ کی انسانی حقوق کی کمیٹی کی سربراہ نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھا بلکہ اس مرتبہ یورپین پارلیمنٹ کے دیگر 15 ارکان نے یورپین قیادت کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے ان سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھارت سے بات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button