دنیا

اٹلی میں 2 لاکھ افراد مبتلا، فرانس میں 1500 فوجی اہل کار میں کورونا کی تصدیق

شیعت نیوز: یورپی ممالک میں کورونا وائرس نے اٹلی کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے اور اس ملک میں ہر روز کورونا سے متاثرین اور ہلاکتوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ فرانس کی فوج میں 1500 فوجی اہل کار کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں مزید 420 افراد کی کورونا سے ہلاکت کے بعد اس ملک میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 25 ہزار 969 ہو گئی جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں مزید 3 ہزار 21 افراد کورونا میں مبتلا ہوئے، اس طرح کورونا متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 92 ہزار 994 ہو چکی ہے۔

یورپی ممالک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ اٹلی کے وزیر اعظم جوزبہ کونتہ نے 10 مارچ کو پورے ملک کو قرنطینہ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اس کے باوجود ملک میں کورونا پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آزاد کشمیر میں بھارت نے کورونا سے متعلق جھوٹی خبر پھیلانےکی کوشش کی، ترجمان پاک فوج

دوسری جانب فرانس کی فوج میں صحت سے متعلق خدمات کی مرکزی ڈائریکٹر نے انکشاف کیا ہے کہ 1500 فوجی اہل کار کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ ان میں شارل ڈیگل طیارہ بردار بحری جہاز میں سوار 1000 سے زیادہ سیلرز شامل ہیں۔

اس سلسلے میں ڈاکٹر مارلن جینیرو نے جمعرات کے روز جاری بیان میں بتایا کہ 21 اپریل تک فرانس کی فوج میں کورونا کے 1500 مصدقہ کیس سامنے آ چکے ہیں۔ ان میں 15 افراد ریکوری رُومز میں موجود ہیں ،،، جن میں سے 3 کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ فرانس میں اب تک کورونا کے سبب 21340 افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر کے آخر میں چین کے ہوبئی صوبے سے کورونا وائرس کے معاملے شروع ہوئے تھے اور اب تک دنیا کے کم از کم 205 ملکوں میں یہ وائرس پھیل چکا ہے جس سے اب تک دنیا بھر میں 28 لاکھ 4 ہزارسے زائد افراد متاثر ہوئے اور ایک لاکھ 95 ہزار افراد ہلاک ہوئے تاہم 7 لاکھ 76 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button