دنیا

امریکہ میں 16 ہزار سے زائد ہلاکتیں، بورس جانسن انتہائی نگہداشت میں زیر علاج

شیعت نیوز: امریکہ میں اب تک کورونا وائرس پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے اور اس ملک میں متاثرین اور ہلاکتوں کا سلسلہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بدستور انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہیں۔

آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے معاملے ہر روز بڑھتے ہی جا رہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید ہزاروں افراد کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ اس طرح اس ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 4 لاکھ 68 ہزار 895 ہو گئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 16697 تک جا پہونچی ہے۔

امریکی حکومت نے دیگر ممالک کی بنسبت بہت دیر سے کورونا ٹیسٹنگ کا آغاز کیا ہے اور اس وقت کورونا بیماروں میں اچانک اضافے کے بعد امریکہ کے طبی مراکز کورونا ٹیسٹ کٹس کی قلت سے روبرو ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی بادشاہ اور ولی عہد بن سلمان کورونا پھیلنے کی وجہ سے قرنطینہ ميں چلے گئے

عالمی ادارہ صحت نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے اصل مرکز میں تبدیل ہوسکتا ہے۔ اس وقت امریکہ کی تمام پچاس ریاستوں میں کورونا وائرس سرایت کر چکا ہے اور اس وبا کے متاثرین اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔

دوسری جانب کورونا وائرس سے متاثر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بدستور انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہیں۔

کورونا وائرس میں مبتلا برطانوی وزیراعظم بورس جانسن دوسری رات بھی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل رہے جہاں انہیں آکسیجن دی جاتی رہی تاہم برطانوی حکومت کے ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ بورس جانسن کی صحت میں قدرے بہتری آئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بورس جانسن کو اب تک وینٹی لیٹر پر نہیں رکھا گیا، وہ مشینی مدد کے بغیر سانس لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 55 سالہ بورس جانسن کو تیز بخار اور کھانسی کے بعد لندن کے سینٹ تھامس ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں انکی حالت بگڑنے پر انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا۔ بورس جانسن نے 27 مارچ کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا تھا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس نے 90 ہزار سے زیادہ زندگیاں چھین لیں، وائرس اب تک 15 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ افراد کومریض بنا چکا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button