عراق

عراقی حزب اللہ کی امریکہ کو دھمکی، داعش کا ایک سرغنہ گرفتار

شیعت نیوز: عراقی حزب اللہ نے واشنگٹن کو دھمکی آمیز پیغام ارسال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی فوج کو عراق سے باہر نکال دو اور اس سے زیادہ عراق کی مزاحمتی فورسز کے صبر کا امتحان نہ لو۔ کل رات صوبہ الانبار سے دہشت گرد گروہ داعش کے ایک سرغنہ کو گرفتار کیا ہے۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق عراقی حزب اللہ کے ترجمان محمد محیی نے جمعرات کی شب عراق سے امریکی افواج کے فوری انخلا کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ عراقی عوام کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے فوری طور پر اس ملک سے اپنی افواج کو نکالے۔

محمد محیی نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ عراقی حزب اللہ نے اس سے قبل حشد الشعبی اور عراقی فورسز پر حملے کرنے سے متعلق امریکہ کے عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا کہا کہ عراقی حزب اللہ اور دیگر مزاحمتی گروہ امریکہ کی فوجی اور طبی دھمکیوں اور چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عراق میں امریکی فوجیوں کے مکمل انخلاء کے ساتھ ہی داعش کا صفایا ہو جائیگا۔ حشد الشعبی

واضح رہے کہ عراق میں حالیہ دنوں کے دوران امریکہ کی مشکوک فوجی نقل و حرکت بڑھ گئی ہے اور اس نے کئی فوجی اڈوں سے اپنے دہشت گردوں کو منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ عراق کے مزاحمتی گروہوں پر حملہ کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔

دوسری جانب عراق میں عوامی رضا کار فورس حشدالشعبی نے کل رات صوبہ الانبار سے دہشت گرد گروہ داعش کے ایک سرغنہ کو گرفتار کیا ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کی عوامی رضا کار فورس حشدالشعبی نے الانبار صوبے میں جاری آپریشن کے دوران دہشت گرد گروہ داعش کے ایک سرغنہ کو گرفتار کیا ہے۔

حشدالشعبی نے عراق کی فوج کے تعاون سے کل سے الانبار صوبے میں ’’دوسری کامیابی کے ہیروز کے نام سے‘‘ آپریشن شروع کیا ہے۔

اگرچہ عراقی افواج نے ایران کی فوجی مشاورت سے ملک کے سبھی علاقے داعش سے آزاد کرا کے اس کی نام نہاد خلافت کا خاتمہ کر دیا ہے لیکن امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے حمایت یافتہ اس تکفیری گروہ کے افراد اب بھی عراق کے مختلف علاقوں میں خفیہ طور پر موجود ہیں اور موقع ملنے پر دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دیتے رہتے ہیں۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button