دنیا

امریکی بحری بیڑے سے ہزاروں اہلکاروں کو نکالنے کا کام شروع

شیعت نیوز: امریکی فوجی اہلکاروں میں کورونا وائرس کی موجودگی کے پیش نظر امریکی بحریہ کے جوہری ہتھیاروں سے لیس ’’ روزویلٹ‘‘ نامی بحری بیڑے سے ہزاروں اہلکاروں کو نکالنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ جبکہ 93 فوجیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق روزویلٹ نامی بحری بیڑا امریکہ کے زیرِ انتظام جزیرے گوام کے قریب موجود ہے۔

امریکی بحریہ کے مطابق بیڑے پر 4800 افراد کا عملہ تعینات تھا۔ اب تک بحری بیڑے سے ایک ہزار اہلکاروں کو نکالا جا چکا ہے جن میں سے 93 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فرانس کا چین سے خریدے ہوئے ماسک امریکہ لے اڑا

پینٹاگون کے حکام کا کہنا ہے کہ روزویلٹ کے عملے کے لیے فوری طور پر ہوٹلوں میں کمروں کا انتظام کر رہے ہیں جبکہ کچھ صحت مند اہلکاروں کو بیڑے پر ہی تعینات رکھا جائے گا تاکہ وہ معمول کے کام جاری رکھ سکیں۔

دوسری طرف امریکہ میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی ذمے دار ’’فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی‘‘ نے وزارت دفاع سے میتوں کے ایک لاکھ بیگز کا مطالبہ کیا ہے۔

پینٹاگان کے مطابق یہ مطالبہ کورونا وائرس سے واقع ہونے والی اموات میں اضافے کے بعد سامنے آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ کی فوجی و سیاسی برتری کے زوال کا وقت آن پہنچا ہے۔ جنرل صفوی

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کی روک تھام کی کوششوں کے باوجود اس وبا کے سبب فوت ہونے والوں کی تعداد 1 لاکھ سے 2.4 لاکھ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

پینٹاگان کا کہنا ہے کہ اس کا دفاعی لاجسٹک کا ادارہ ’’فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی‘‘ کی درخواست کا جائزہ لے رہا ہے۔

امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید ہزاروں افراد کورونا میں مبتلا ہو گئے۔ اس طرح اس ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 2 لاکھ 40 ہزار 344 ہو گئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر5807 ہو گئی ہے۔

امریکی حکومت نے دیگر ممالک کی بہ نسبت بہت دیر سے کورونا ٹیسٹنگ کا آغاز کیا ہے اور اس وقت کورونا بیماروں میں اچانک اضافے کے بعد امریکہ کے طبی مراکز کورونا ٹیسٹ کیٹس کی قلت سے روبرو ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button