شیخ حسن جعفری کا سکردو میں ویمن یونیورسٹی بنانے کا اعلان
شیعیت نیوز:مرکزی امام جمعہ والجماعت سکردو علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے آج نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ سکردو میں ہم خواتین کے لیے دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ایک الگ یونیورسٹی قائم کرنے جا رہے ہیں۔
جس کے لیے عمائدین چھومک نے پچاس کنال اراضی عطیہ کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی میں تعلیم کے ساتھ بچیوں کی دینی اور اخلاقی تربیت کا بھی خصوصی انتظام کیا جائے گا تاکہ جدید دور کی برائیوں سے انہیں محفوظ رکھا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں:عورت حقیر نہیں، اسکی گود میں انبیا و آئمہ پرورش پاتے ہیں، علامہ مرید نقوی
علامہ حسن جعفری نے مزید کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے بچوں کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
تربیت کے بغیر حاصل کی گئی تعلیم کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ والدین اپنی بیٹیوں پر نظر رکھیں۔
خاص کر تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طالبات پر نظر رکھنے کی اشد ضرورت ہے۔
ہمیں بیدار رہنے کی ضرورت ہے ورنہ مسائل بڑھیں گے، پھر پچھتانے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔