دنیا

انسداد کورونا مہم میں پابندیاں بڑی رکاوٹ ہے،آٹھ ممالک کا انٹونیو گوٹرس کے نام خط

شیعت نیوز : اقوام متحدہ میں ایران، روس، چین، کیوبا، شمالی کوریا، عراق، وینزویلا اور نکاراگوئے کے نمائندوں نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹرس کے نام ایک مراسلے میں کورونا کو سب کا مشترکہ دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کا مقابلہ کرنے کی راہ میں پابندیاں منفی اثرات مرتب کر رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران، روس، چین، کیوبا، شمالی کوریا، عراق، وینزویلا اور نکاراگوئے کے نمائندوں نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹرس کے نام لکھے جانے والے خط میں کہا کہ جن ممالک کے خلاف غیر قانونی، یکطرفہ اور اقوام متحدہ کے منشور کے خلاف جو پابندیاں عائد ہوئی ہیں وہ کورونا کا مقابلہ کرنے میں ان ممالک کے لئے مسائل و مشکلات کا باعث بن رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : کورونا وائرس کے نتیجے میں جانی نقصان کا زیادہ خطرہ ہے۔ اقوام متحدہ

اس مراسلے میں اقوام متحدہ کے مستقل ماہرین کی رپورٹ کی جانب اشارہ کیا گیا ہے کہ جس میں آیا ہے کہ یکطرفہ اور غیر انسانی پابندیوں کو جو ون تھرڈ انسانوں کو متاثر کر رہی ہیں کسی بھی طور انسانی جانوں کے نجات کی راہ میں سیاسی حربے کے طور پر استعمال ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔

دنیا کے آٹھ ممالک کے نمائندوں کے خط میں تاکید کی گئی ہے کہ کورونا کا مقابلہ کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر باہمی تعاون اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے تاہم پابندیوں کی وجہ سے طبی وسائل من جملہ تشخیص دینے والی کٹ اور ادویات کی روک تھام کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے قومی جدوجہد کو کمزور کر رہی ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹرس نے کہا ہے کہ دنیا کے پسماندہ ترین ممالک کو کورونا وائرس کی وبا سے مقابلے کے لیے 2 ارب ڈالر کی امداد درکار ہوگی۔

اطلاعات کے مطابق بدھ کو اقوام متحدہ نے غریب ممالک کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کے لیے اپنے امدادی پروگرام اورعالمی سطح پر عطیات کی اپیل جاری کردی ہے۔

سکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ کوویڈ 19 پوری انسانیت کے لیے خطرہ ہے اور تمام انسانیت کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ اس کے لیے عالمی سطح پر اقدامات اور یک جہتی کی ضرورت ہے، ممالک کے انفرادی اقدامات کافی نہیں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ کا ایران کے خلاف پابندیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ

انٹونیو گوٹرس کا کہنا تھا کہ رکن ممالک کی جانب سے دنیا کے 10 کروڑ افراد کے لیے امدادی پروگرام جاری رہنا چاہیے بصورت دیگر کورونا وائرس ہیضہ، خسرہ جیسے وبائی امراض سے زیادہ تباہ کُن ثابت ہوگی۔

اطلاعات کے مطابق دو روز قبل اقوام متحدہ کے سربراہ نے دنیا کی بڑی معاشی قوتوں جی 20 ممالک کو لکھے گئے اپنے خط میں پس ماندہ ممالک کی امداد کے لیے جنگی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کی اپیل کی تھی۔

اقوام متحدہ کا ہنگامی امدادی منصوبہ اپریل سے دسمبر تک جاری رہے گا۔ اقوام متحدہ کی 2.012ارب ڈالر کی رقم عالمی ادارۂ صحت اور عالمی ادارۂ خوراک کے پروگرامز میں استعمال ہوگی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button