عراق

عراق: ٹائم فریم پر مبنی امریکی انخلاء شروع ہو چکا ہے۔ جنرل الخفاجی

شیعت نیوز: عراقی مشترکہ آپریشن کمانڈ سنٹر کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل تحسین الخفاجی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ عراق کے ’’القائم‘‘ فوجی اڈے سے امریکی عقب نشینی کے بعد اب ایک باقاعدہ ٹائم فریم کے مطابق امریکی فورسز دوسرے فوجی اڈوں سے بھی نکل جائیں گی۔

عراقی اخبار ’’بغداد الیوم‘‘ نے لکھا ہے کہ جاری ماہ کی ابتداء سے عراقی حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات کے بعد داعش کے خلاف امریکی اتحاد نے اب القائم اور الفوسفات نامی فوجی اڈوں کو خالی کر کے عراقی سکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیا ہے۔

عراقی مشترکہ آپریشن روم کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل تحسین الخفاجی نے عراق کے اندر داعش کے ساتھ نام نہاد مقابلے کے لئے تشکیل دیئے گئے امریکی مشن کے اختتام پذیر ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی سکیورٹی فورسز امن و امان کی حفاظت اور دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی فوج کا حصہ ہے۔ عراقی عبوری وزیر اعظم

انہوں نے عراق سے مکمل امریکی انخلاء کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’القائم‘‘ کے فوجی اڈے سے عقب نشینی کے بعد امریکی فوجیوں کے انخلاء کا عمل شروع ہو چکا ہے جبکہ اس کا اگلا قدم ’’القیارہ‘‘ اور کرکوک کی K-1ایئربیسز سے ٹائم فریم کے مطابق امریکی انخلاء ہے۔

انہوں نے امریکی فورسز کی طرف سے خالی کئے گئے فوجی اڈوں میں موجود سازوسامان کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں موجود سامان اداراتی، لاجسٹک اور فوجی ہے جو اب عراقی سکیورٹی فورسز کے استعمال میں ہے۔

واضح رہے کہ سال 2020ء کے شروع میں امریکی حملے کے نتیجے میں ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور حشد الشعبی کے نائب کمانڈر ابومہدی المہندس کی رفقاء سمیت ٹارگٹ کلنگ کے بعد سے سیاسی و فوجی قیادت سمیت پورا عراق ملک سے امریکی فوجیوں کے انخلاء پر متحدہ ہو چکا ہے۔ اس امریکی کارروائی کے فورا بعد ہی عراقی پارلیمنٹ نے اپنی ایک قرارداد کے ذریعے امریکی اتحادی فوجیوں کو فوری طور پر عراق چھوڑ دینے کا حکم دیا تھا۔

دوسری طرف عراق میں موجود امریکی فوجیوں پر نامعلوم حملوں میں بھی کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے جبکہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران امریکی فوجی اڈوں کو 24 مرتبہ راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا جا چکا ہے جس سے وہاں موجود درجنوں امریکی و برطانوی فوجی ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button