پاکستان

قومی محرم کمیٹی کا قیام ، باہمی ہم آہنگی سے دشمنانِ اسلام کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے پر اتفاق

شیعت نیوز: شیعہ علماءکونسل پاکستان ضلع پشاور نے عشرہ مُحرم الحرام میں مجالس و جلوسہائے عزداری کے پُرامن انعقاد اور بہترین انتظامی و حفاظتی اقدامات کے لیے شیعہ علماءکونسل ضلع پشاور کے صدر اور ذاکرِ محمدؐ و آل محمدؐ آخونزادہ مجاہد علی اکبر کی سربراہی میں قومی محرم کمیٹی قائم کر دی ہے۔ قومی محرم کمیٹی امام بارگاہوں کے متولیان پر مشتمل زونز کے سربراہان و زعمائے قوم پر مشتمل ہے جو ایام عزاءمیں مراسم عزا داری کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت اور ضلعی و پولیس انتظامیہ کے ساتھ باہمی روابط کے ذریعے سیکیورٹی پلان و دیگر انتظامات کو یقینی بنائے گی۔
اس امر کا اعلان شیعہ علماءکونسل ضلع پشاور کی جانب سے امام بارگاہ آغا سید علی شاہ رضوی میں ضلعی صدر آخونزادہ مجاہد علی اکبر کی صدارت میں مُنعقدہ ایک اہم قومی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے مہمانانِ خصوصی شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ تھے جبکہ اجلاس میں دیگر مساجد کے آئمہ و علماءکرام، ذاکرین عُظام، مُتوالیان امام بارگاہ، بانیانِ مجالس اور تنظیمی عہدیداروں نے بھر پور شرکت کی۔اجلاس میں متفقہ طور پربنیادی اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل قومی مُحرم کمیٹی کے ناموں کی منظوری دی گئی جن میں آغا سید مرتضیٰ عباس شاہ رضوی، سید نثار علی شاہ، سید مجتبیٰ شاہ نقوی، سید ابرار حسین شاہ جعفری، شاہد امداد بیگ، آخونزادہ خورشید علی،سید اظہر علی شاہ جعفری، حاجی طاہر علی مغل، سید شیر شاہ رضوی، سید تیمور رضا شاہ، غلام علی رضا، سرفراز حیدر اور علی عرفان میرکے نام شامل ہیں۔اس موقع پر اپنے خطابات میں مقررین نے اتحاد بین المسلمین کی فضاءکیلئے احسن کردار کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے فلسفئہ کربلاءکی اصل روح کو اُجاگر کرنے پر زور دیا اور انتہاءپسندی کے رویوں کی سختی سے نفی کرتے ہوئے عشرہ محرم الحرام میں مذہبی جوش و جذبے اور باہمی یگانگت کے ذریعے دُشمنانِ اسلام و پاکستان کے عزائم کوناکام بنانے پر اتفاق ظاہر کیا۔ ایام عزاءکے انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے قومی مُحرم کمیٹی کے اراکین کو ہدایات دی گئیں ہیں کہ محرم الحرام کے پُرتقدس شب و روز میں مجالس و جلوسوں کے سلسلے میں پیش آنے والے مسائل کو احسن طریقے سے حل کیا جائے تاکہ سالہا سال سے قائم عزاداری سید الشہداءکے پروگرامات کا انعقاد پرامن اور پُرتقدس طریقے سے عمل پذیر ہو سکے۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین و ممبران کے ہمہ وقت رابطے کیلئے ان کے ناموں کے ساتھ ساتھ علاقوں اور رابطہ نمبرات پر مشتمل فہرست بھی جاری کر دی گئی جس کی مدد سے شہر بھر میں ہونے والی عزا داری کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اور کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کی صورت میں ذمہ داران کو ضروری لائحہ عمل سے آگاہ کیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button