اہم ترین خبریںپاکستان

لاہور، مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او کے زیر اہتمام آزادی القدس ریلی نکالی گئی

شیعیت نیوز: لاہور میں مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام امام خمینیؒ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے آزادی القدس ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں عاشقان القدس نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں بھی تحریک آزادی القدس کے زیراہتمام اسلام پورہ سے پنجاب اسمبلی ہال تک القدس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت آئی ایس او کے مرکزی نائب صدر علی ضامن، مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سربراہ علامہ خالق اسدی ،علامہ حسن ہمدانی، علامہ مبارک موسوی، علامہ ابوذر مہدوی، آئی ایس او لاہور کے ڈویژنل صدر علی رضا نے کی۔ ریلی میں جماعت اسلامی، جے یو پی (نیازی)تحریک منہاج القرآن، امامیہ آرگنائزیشن، جامعہ المنتظر، تحریک انصاف، جمعیت اہلحدیث پنجاب، ادارہ ا لتنزیل، پاکستان عوامی تحریک، علمائے مدارس جعفریہ کے رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔ریلی کے شرکا نے فلسطین کے پرچم، بینرز، پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ جگہ جگہ اسرائیلی و امریکی پرچم مال روڈ پر بچھائے گئے تھے، جن کو شرکائے ریلی اپنے پیروں تلے روند کر امریکہ و اسرائیل کیساتھ اظہار نفرت کرتے رہے۔ ریلی کے شرکا امریکہ و اسرائیل کیخلاف جبکہ حماس اور حزب اللہ کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ فضا مسلسل مردہ باد امریکہ مردہ باد اسرائیل کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔

 

مجلس وحدت مسلمین صوبہ بنجاب  کے سیکریٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی کا آزادی القدس ریلی سے خطاب

مجلس وحدت مسلمین کے صوبای سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام نے شدید گرمی میں روزے کی حالت میں بھی امام خمینیؒ کے حکم پر اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرکے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ہمیشہ حق کیساتھ رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف مظالم رکوانے کے لیے امت مسلمہ کو یکجا ہونا ہوگا۔ ہم فلسطین،یمن،کشمیر سمیت تمام مظلوم مسلمانوں کے حامی اور مددگار رہیں گے اور دشمن کی شکست تک میدان میں استقامت کے ساتھ ڈٹے رہیں گے۔ کشمیر پر بھارتی تسلط کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارت کوبھی کشمیر میں قتل عام بند کرنا ہوگا کیوں کہ کشمیر پر بھارتی تسلط غاصبانہ ہے جس سے جلد چھٹکارا پا کرکشمیری مسلمان فتح حاصل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیل آف سینچری کے ذریعے اسرائیلی کو جغرافیائی اعتبار سے توسیع دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔

 

امامیہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی نائب صدر ضامن علی کا آزادی القدس ریلی سے خطاب

امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی نائب صدر ضامن علی نے کہا کہ حکومت پاکستان سفارتی سطح پر مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کرے، مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا مسئلہ ہے، اسے چند عرب ممالک ذاتی حیثیت سے طے نہیں کرسکتے۔ صدی کی ڈیل کو کوئی بھی مزاحتمی تحریک نہیں مانتی جو بھی ٹرمپ کی ڈیل کو مانے گا وہ خائن تصور ہوگا صدی کی ڈیل مظلوم فلسطینوں کی سرزمین چھینے کا منصوبہ ہے جسے کچھ ناعاقبت اندیش عرب حکمرانوں کی مدد حاصل ہے، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ سچ یہ ہے کہ صدر ٹرمپ ایک احمق شخص ہے جو گریٹر اسرائیل کے خواب دیکھ رہا ہے۔

ریلی کے اختتام پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اعلامیہ پیش کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ تمام مسلم ممالک مسئلہ قدس کو حل کروانے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کریں اور اکثر عرب ممالک کی مسئلہ فلسطین پر مجرمانہ خاموشی کی بھی مذمت کی گئی۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button