ایران کے خلاف کسی بھی کارروائی کا امکان نہیں ہے،علی زیدی
پاکستان کو بھی اپنے مفادات بالاتر رکھنے چاہیئں اور تہران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے کو پورا کرنا چاہیے،سیمنار سے خطاب

شیعیت نیوز: وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے ’پاک-ایران تعلقات: چیلنجز اور امکانات‘ کے نام سے منعقد ہونے والے سمینار کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف کارروائی کا امکان نہیں ہے۔
اپنے خطاب کے دوران انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے دورہ تہران کے دوران ایرانی لیڈرشپ کے ساتھ مل کر کس طرح دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی دوری کو ختم کیا۔
امریکا کے ایران پر کسی بھی حملے کی صورت میں پاکستان کہاں کھڑاہوگا؟ علی زیدی کا حیران کن جواب
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ ایران بہت مثبت رہا تھا، دونوں ممالک کے تعلقات پر پڑی برف پگھلی اور بہتر تعلقات کی نئی بنیاد رکھی گئی اور اسی بنیاد پر ہمیں اپنے تعلقات کو استوار کرنا ہے۔
علی زید ی نے ایران پر امریکی پابندی کے باوجود دنیا کے چند ممالک کی تہران کے ساتھ جاری تجارت کا حوالہ دیتے ہوئے اشارہ دیا کہ پاکستان کو بھی اپنے مفادات بالاتر رکھنے چاہیئں اور تہران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے کو پورا کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ روابط نہ ہونے کی وجہ سے تعلقات کو بہتر کرنے میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم ایک طریقہ کار وضع کرنے سے متعلق بات چیت جاری ہے تاکہ دوطرفہ تجارت کو فروغ دیا جاسکے۔