شیعہ ہزارہ قتل عام کے خلاف گلگت بلتستان اسمبلی میں قرارداد منظور

01 مئی, 2019 16:04

شیعت نیوز: گلگت بلتستان اسمبلی نے ایک قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری دی ہے جس میں صوبہ بلوچستان میں ہزارہ برادری کیخلاف گزشتہ ہفتے ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے ان واقعات میں ملوث ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں ہزارہ برادری کو بار بار ظلم کا نشانہ بنانے کے جو واقعات ہو رہے ہیں یہ ایوان ان واقعات کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر ہونے والی دہشت گردی کی بھی مذمت کرتا ہے اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتا ہے۔

یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ ان واقعات کے ذمہ داروں کو فوری کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور آئندہ کے لئے اس طرح کے واقعات کے تدراک کیلئے حکومت قبل از وقت اقدامات کو یقینی بنائے۔ یہ قرارداد حاجی رضوان علی نے ایوان میں پیش کی۔

کیپٹن (ر) سکندر علی نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ برادری کوئٹہ میں محصور ہیں، انکی حفاظت کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ جاوید حسین نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، دوسرے صوبے کی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ گلگت بلتستان میں ہونے والے واقعات کی بھی مذمت کریں۔

وزیر قانون اورنگزیب ایڈووکیٹ نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کے ممبران کو پتہ ہی نہیں ہے کہ گلگت بلتستان کا مسئلہ کیا ہے۔ قومی اسمبلی میں کبھی گلگت بلتستان کے مسئلے پر بھی بحث ہونی چاہیے۔ صوبائی وزیر فدا خان فدا نے کہا کہ کوئٹہ میں انسانیت کا قتل عام ہو رہا ہے، اس کو روکنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔

غلام حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے ہزارہ برادری پر پے در پے حملے ہوئے ہیں، کوئٹہ کی تعمیر و ترقی میں ہزارہ برادری کا بڑا کردار ہے، انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔ تمام اراکین نے قرارداد کی حمایت کی جس پر سپیکر فدا محمد ناشاد نے قرارداد کی متفقہ منظوری کا اعلان کیا۔

9:04 شام اپریل 21, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔