صدر مملکت عارف علوی کے گھر کے باہر لاپتہ شیعہ عزاداروں کے اہل خانہ کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری
شیعیت نیوز: شہر قائد سے جبری گمشدہ شیعہ عزاداروں کے اہل خانہ کا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی رہائش گاہ پر جاری احتجاجی دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے،شیعہ جبری گمشدہ عزاداروں کی مائیں ،بہنیں ،بیٹیاں،بزرگ اور بچے موسم کی سختیوں کے باوجود استقامت کی تصویر بننے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جبری شیعہ گمشدہ افراد کے اہل خانہ نے اپنے پیاروں اور عزیزوں کی عدم بازیابی کے خلاف کل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علو ی کی محمد علی سوسائٹی کراچی میں موجود رہائش گاہ پر احتجاجی دھرنا کاآغاز کیاتھا جو آج دوسرے دن بھی جاری ہے۔
شرکائے دھرنا نے صبح نماز فجر اور ظہرین علامہ سید احمد اقبال رضوی کی زیر اقتداءاداکی، مظاہرین کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ صدر مملکت خود مذاکرات کیلئے تشریف لائیں اور تمام گمشدہ افراد کو عدالتوں میں پیش کیاجائے۔
مظاہرین سے مذاکرات کیلئے گزشتہ رات وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی فردوس شمیم اور دیگر اراکین اسمبلی دھرنے میں پہنچے لیکن کسی بھی قسم کی پیش رفت کے بغیر مذاکرات ختم ہوگئے اور ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے ۔







