پاکستان

اب ملک کے آئین و قانون پر کوئی سودے بازے نہیں ہوگی،وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی

شیعیت نیوز: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ میرا پیغام ہے کہ جو ملک کے اندر بیٹھ کر دشمن قوتوں کا ساتھ دے رہے ہیں، وہ قبلہ درست کرلیں، کراچی پھر سے معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا، ریاست اب بلیک میل نہیں ہوگی، کوئی دباؤ قبول نہیں کرے گی، ملک کے آئین اور قانون پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی، اب کوئی باہر سے فون کرکے ہمیں مفلوج نہیں کر سکے گا، پی ایس ایل کا کراچی میں انعقاد رینجرز کی کامیابیوں کا ثبوت ہے۔۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں رینجرز ہیڈکوارٹر میں رینجرز ٹریننگ اسکول کی 26ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی وزیر ممکت برائے داخلہ شہر یار خان آفریدی تھے۔ تقریب میں ڈی جی رینجرز سندھ محمد سعید اور دیگر اعلٰی افسران بھی شریک ہوئے، رینجرز کے 981 اہلکار پاس آؤٹ ہوئے ہیں، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے پاس آؤٹ پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ اس پریڈ سے خطاب کرنا میرے لیے اعزازکی بات ہے۔ انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یاد رکھیں پاس آؤٹ ہونے والے قابل فخرادارے کا حصہ بن رہے ہیں۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ رینجرز نے ہر میدان میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، سرحد کی حفاظت ہو یا کراچی میں امن، رینجرز نے ہر جگہ ذمہ داری نبھائی۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ رینجرز نے کراچی میں تمام چیزوں کا مقابلہ کرکے امن برقرار رکھا، رینجرز نے 5 سال میں 16 ہزار سے زائد آپریشن کیے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ دہشتگردوں سمیت 12 ہزار سے زائد جرائم پیشہ پولیس کے حوالے کیے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات پہلے کے مقابلے میں بہت بہتر ہیں، کراچی پھر سے معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ آئیڈیاز اور امن 2019ء مشقوں کا انعقاد رینجرز کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، پی ایس ایل کا کراچی میں انعقاد رینجرز کی کامیابیوں کا ثبوت ہے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ سند ھ کے امن کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، کراچی اور سندھ میں رینجرز کو تمام چیلنجز کا مکمل ادراک ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے جن عناصر کی وجہ سے امن خراب ہوا، انہیں پنپنے کا موقع نہیں ملے گا، رینجرز کی شجاعت اور بہادری ایک مثال ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے متنبہ کیا کہ اندر بیٹھ کر دشمن کی بولی بولنے والے اپنا قبلہ درست کرلیں، ریاست اب کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، اب کوئی بھی پاکستان کے باہر سے فون کرکے یہاں کے نظام کو مفلوج نہیں کر سکے گا، اب ملک کے آئین و قانون پر کوئی سودے بازے نہیں ہوگی، مادر وطن کے مفاد اور شہریوں کی عزت پر ریاست سودے بازی نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میرا پیغام ہے کہ ریاست اب بلیک میل نہیں ہوگی، کوئی دباؤ قبول نہیں کریگی، کوئی اب باہر سے فیصلہ ڈکٹیٹ نہیں کرا سکے گا، آنے والا وقت پاکستان اور پاکستانیوں کا ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ نے انشاءاللہ آنے والا وقت پاکستان اور پاکستانیوں کا ہے، پاکستان ایسا ملک ہوگا کہ جس پر نہ صرف آپ بلکہ پوری دنیا فخر کرے گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button