کراچی کے علاقے گلبہار سے معروف عزادار سید کاظم رضوی کو لاپتہ کردیاگیا

شیعیت نیوز : کراچی کے علاقے گلبہار سے سادہ لباس افراد نے ملت تشیع کے ایک اور جوان سید کاظم رضا رضوی کو لاپتہ کردیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کا علاقہ گلبہار ایک عرصے تک ملت تشیع کی مقتل گاہ بنا رہا اور جب قتل و غارت کا سلسلہ تھما تو اس علاقے سے ملت تشیع کے جوانوں اور بزرگوں کی جبری گمشدگی کا نا تھمنے والا سلسلہ شروع ہوا جو آج بھی جاری ہے۔ آج بروز جمعہ اس ہی علاقے سے معروف شیعہ عزادار انجمن محمدی قدیم گلبہار کے بانی حسین رضوی کے فرزند سید کاظم رضا رضوی کو نا معلوم سادہ لباس افراد نے اغوا کر کے لاپتہ کردیا۔
دیگر لاپتہ افراد کے اہل خانہ کی طرح ان کے اہل خانہ کو بھی اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی کہ ان کے گھر کے فرد کو کہاں لے جایا جارہا ہے۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ سید کاظم رضا قانون پر عمل کرنے والے پاکستان کے مہذب شہری ہیں۔ سید کاظم کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا کہ اگر انہوں نے کوئی قانون شکنی کی ہے تو ان پر اس جرم کا چارج لگا کر عدالت میں پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ اس وقت ملک بھر سے ملت تشیع پاکستان کے 100 کے قریب افراد جبری طور پر لاپتہ کردیے گئے ہیں ان میں کچھ کو کئی کئی سال گزر چکے ہیں اور ان کے اہل خانہ انصاف کی امید میں در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔