پاکستان

آئی ایس اوبلتستان کی جانب سے پری بورڈ امتحانات کے نتائج کا اعلان، پوزیشن ہولڈرزمیں لیپ ٹاپس کی تقسیم

شیعیت نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن کے ادارہ بولڈ کے تحت منعقد کئے جانیوالے پری بورڈ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ نتائج کے اعلان کیلئے بوائز ہائی سکول سکمیدان میں منعقدہ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور سینکڑوں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ شرکاء تقریب سے مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکریٹری جنرل آغا علی رضوی، شیخ مبارک عارفی، مولانا ذیشان، آئی ایس او بلتستان ڈویژن کے صدر موسٰی علی، بولڈ کے ذمہ داران، پروفسیر عقیل سمیت ماہرین تعلیم، اساتیذ اور آئی ایس او کے سینئرز نے خطاب کیا۔ مجلس وحدت مسلمین جی بی کے سربراہ اور آئی ایس او بلتستان کے رکن ذیلی نظارت آغا علی رضوی نے پری بورڈ امتحانات کے کامیاب انعقاد پر کارکنان کی محنت و مشقت کو سراہا اور شریک طلباء و طالبات خصوصاََ پوزیشن حاصل کرنیوالوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ طلباء و طالبات کو آئی ایس او کے پروگرامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیکر معاشرتی امور میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ بامقصد تعلیم کے حصول کی ضرورت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ زندگی کا ہر قدم بامقصد ہونا چاہیئے، خصوصا تعلیم اگر صرف کمائی اور اسٹیٹس کی حد تک رہے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں۔ ہمارا ہدف الٰہی ہونا چاہیئے کیونکہ ہر دوسرا راستہ رائیگاں ہی رہے گا۔

صدر آئی ایس او بلتستان ڈویژن نے اپنے خطاب میں طلباء و طالبات کے ساتھ انکے والدین، بولڈ کے اراکین اور ان تمام اساتید کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے پیپرز کی تیاری سے لیکر مارکنگ اور رزلٹس کے بنانے تک میں معاونت کی۔ انہوں نے کہا کہ امامیہ طلباء کے امور ان اساتید کی محنتوں کا نتیجہ ہے، جنہوں تعلیمی میدان میں طلباء کی رہنمائی کی۔ تقریب میں کلاس نہم اور دہم کے طلباء و طالبات میں سے بیسویں تک پوزیشن حاصل کرنیوالوں میں اعزازی شیلڈز اور سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے اور دونوں کلاسز کے اول پوزیشن حاصل کرنیوالوں کو لیپ ٹاپس انعامات میں دیئے گئے۔ اسی تقریب میں شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کی مناسبت سے منعقد کئے جانیوالے کوئز پروگرام میں جیتنے والے طلباء و طالبات کو بھی انعامات دیئے گئے اور اول پوزیشن حاصل کرنیوالے طالبعلم کو بھی لیپ ٹاپ انعام دیا گیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button