انجینئر شبیر پر حملہ گلگت بلتستان کےحقوق کیلئے اٹھنے والی آواز کو دبانے کی کوشش ہے، آغا علی رضوی

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے کہا کہ انجینئر شبیر پر قاتلانہ حملہ عوامی حقوق کے لیے اٹھنے والی آواز کو دبانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ انجینئر شبیر نے نواجوان نسل میں شعور پیدا کرنے نیز جی بی کے عوامی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے، جس سے خطے کی دشمن طاقتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ اوچھے ہتھکنڈے سے عوامی حقوق کے لیے اٹھنے والی کسی بھی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والی شخصیات ایک طرف حکومتی مظالم کے نشانے پر ہیں تو دوسری طرف شرپسند عناصر انہیں خاموش کرنے اور راستے سے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اوچھے ہتھکنڈوں سے نہ زبان بندی ممکن ہے اور نہ حق کے لیے اٹھنے والی کوئی تحریک دب سکتی ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا ہے کہ عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والی شخصیات اپنے تحفظ کے لیے اقدامات کریں، خطے میں بدامنی پھیلانے کی بڑی سطح پر سازشیں ہورہی ہیں۔ عوام کسی قسم کے دھوکے میں نہ آئیں اور تمام تر مسلکی، علاقائی، لسانی تعصابات کو پس پشت ڈال کر عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کرنے کو تیار رہیں۔ انہوں مطالبہ کیا ہے کہ شبیر انجینئر پر حملہ کرنے والے عناصر کو فوری طور پر بے نقاب کیا جائے۔