ملک بھر میں یوم دفاع بھرپور انداز سے منایا گیا،شہداء کی یاد میں تقریبات، ریلیاں اور خراج عقیدت
شیعیت نیوز: ملک بھر میں 53واں یوم دفاع وشہداء ملی جوش و جذبے سے منایا گیا،ملک کے طول و عرض میں منعقدہ خصوصی تقریبات اورریلیوں میں چھ ستمبر کے غازیوں اورشہیدوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملک کے دفاع کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21، توپوں کی سلامی دی گئی‘ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، 6 ستمبر 1965 کی جنگ میں جام شہادت نوش کرنے اور نشان حیدر پانے والے شہدا ء کی یاد گاروں پر پھول چڑھانے کے علاوہ قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی،کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناح اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزاروں پر پر وقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق 53 ویں یوم دفاع کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی، ترقی اورخوشحالی کے لیے خصوصی دعائوں اور وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا ۔یوم دفاع پاکستان کے موقع پر کراچی میں واقع مزار قائداعظم محمد علی جناح پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جہاں پاکستان ایئرفورس اصغر خان اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈز فرائض سنبھال لیے، جن میں 5 لیڈی کیڈٹس بھی شامل ہیں۔کراچی کے مسرور ائیربیس میں بھی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں پاک فضائیہ کے چاق چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور فضائیہ کی جانب سے شاندار فلائی پاسٹ بھی پیش کیا گیا جس میں میراج، ایف 16 اور جے ایف 18 تھنڈر نے حصہ لیا جبکہ تقریب میں شہداکے اہل خانہ اور عمائدین نے شرکت کی۔کراچی کے علاقے ملیر چھانی میں بھی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔تقریب کے دوران پاک آرمی کے زیرِ استعمال الخالد اور الضرار ٹینکوں، بکتربند گاڑیوں اور ریڈار سسٹم سمیت دیگر ہتھیاروں کی بھی نمائش کی گئی۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور گورنر عمران اسماعیل کی ملیر گیریژن آمد ہوئی جہاں انہوں نے کور کمانڈر کراچی کے ہمراہ یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔لاہور میں مزار اقبال پر گیریژن کمانڈر میجر جنرل عامر نے حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔صدر پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف، چیف جسٹس آف پاکستان، کمانڈر 4 کورپس کی جانب سے پھولوں کے گلدستے بھی بھجوائے گئے۔قصور میں یوم دفاع کے موقع پر یادگار شہدا ء مصطفی آباد پر پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے سلامی دی، یوم دفاع کے حوالے سے فورٹریس اسٹیڈیم میں پروقار تقریب ہوئی جس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ،وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ تقریب میں پاک فوج کے لڑاکا طیاروں اور ہیلی کاپٹرز نے فلائی پاسٹ کیا جس میں کوبرا، مشاق اور ایف سولہ نے فضائی کرتب دکھائے۔نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں بھی خصوصی تقریب منعقد کی گئی اور یادگار شہدا ء پر پھول چڑھائے گئے ۔پشاور میں یوم دفاع اور شہدا ء کے سلسلے میں کرنل شیر خان شہید اسٹیڈیم میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب میں مختلف اقسام کے ہتھیاروں کی نمائش بھی کی گئی ۔گلگت بلتستان میں فورس کمانڈ ناردرن ایریا کے کمانڈر میجر جنرل ثاقب محمود ملک نے غذر کے علاقے ہندورمیں شہید حوالدار لالک جان نشان حیدر کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔یوم دفاع وشہدا ء کے موقع پر مستونگ میں نوابزادہ سراج رئیسانی شہید کی قبر پر حاضری دی گئی۔