جب ضرورت پڑی چین پاکستان کاساتھ دے گا، چینی سفیر
شیعیت نیوز: چین کے سفیریائوجنگ نے اسلام آباد میں نگران وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں انہوں نے مختلف شعبوں میں پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تناظر میں جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیرخزانہ نے ملک کی اقتصادی ترقی میں چین کے تعاون کو بے حد سراہا۔
نگران وزیرخزانہ نے چینی سفیر کوپیرس میں حال ہی میں ختم ہونیوالی کانفرنس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے مسائل پر پاکستان کے موقف سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کے خلاف تمام ممکنہ اقدامات کرنے کے عزم کااعادہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں جن کا عالمی سطح پر اعتراف کیاگیا ہے اور وہ دہشت گردی کی سرگرمیوں کی مالی معاونت پر نظر رکھنے کیلئے اسی جذبے سے اقدامات کرے گا۔
جواب میں یائوجنگ نے بعض مسائل کے باوجود معیشت کومستحکم کرنے کیلئے پاکستان کے عزم کی تعریف کی۔انہوں نے کہاکہ جب اور جہاں ضرورت پڑی چین ہمیشہ پاکستان کاساتھ دے گا۔