پاکستان

شیعیت نیوز کی جانب جشن ولادت باسعادت نواسہ رسول امام حسین ؑ مبارک ہو

شیعیت نیوز: نواسہ رسول سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے یوم ولادت با سعادت کی مناسبت سےپاکستان ، ایران، عراق،شام، لبنا ن اور ہندوستان سمیت پوری دنیا میں شاندار جشن منایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق پورے ایران میں سڑکوں اور نجی و سرکاری عمارتوں کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اور نوجوان سڑکوں پر جگہ جگہ اسٹال لگا کر ایک دوسرے کو میٹھائیاں تقسیم کر رہے ہیں اور اس پر مسرت موقع پر مبارک باد پیش کر رہے ہیں- سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے یوم ولادت کو اسلامی جمہوریہ ایران میں یوم پاسدار کا نام دیا گیا ہے۔ یہ اقدام اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی (رح) کی جانب سے عمل میں لایا گیا ہے تاکہ تمام مسلمانوں اور خاص طور سے شیعہ مسلمانوں اور پاسداران انقلاب اسلامی کی زندگی میں آسمان امامت و ولایت کے تیسرے درخشاں ستارے نواسہ رسولۖ، جگرگوشہ علی و بتول حضرت امام حسین علیہ السلام کی بصیرت و عزت و حریت پسندی، مکمل نمونہ عمل بنی رہے۔

شعبان کے ابتدائی ایام کی عیدوں یعنی تین، چار اور پانچ شعبان العمظم کی مناسبت سے حضرت امام حسین، حضرت ابوالفضل العباس اور حضرت امام زین العابدین علیھم السلام کے ایام ولادت باسعادت کے جشن میں شرکت کے لئے مشہد المقدس اور قم المقدسہ میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام اور جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں عاشقان اہلبیت اطہار (ع) کا جم غفیر ہے جو اس پر مسرت موقع پر ان عظیم ہستیوں کے حضور دل کی گہرائیوں سے ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کر رہا ہے-

کربلائے معلی میں عوام کا ٹھاٹیں مارتا ہوا سمندر ہے اور دنیا کے مختلف ملکوں کے لاکھوں زائرین اس وقت سیدالشہداء حضرت امام حسین اور علمدار کربلا حضرت ابوالفضل عباس علیھما السلام کے حرم ہائے مطہر اور بین الحرمین میں موجود ہیں جو نذرانہ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ شعبان کی ان بابرکت عیدوں کا جشن منا رہے ہیں- اس موقع پر کربلائے معلی، نجف اشرف، کاظمین اور سامرا میں لاکھوں عاشقان اہلبیت اطہار (ع) کی موجودگی کے پیش نظر سبھی مقدس مقامات پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں-

پاکستان ، شام، لبنان، اور ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ سبھی چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں جشن منایا جا رہا ہے اور محافل میلاد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ جگہ جگہ پر ندز و نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے-

شیعیت نیوزاس مبارک موقع پراپنےتمام سامعین، ناظرین اور چاہنے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہے *

متعلقہ مضامین

Back to top button