مشرق وسطی

شامی حکومت او پی سی ڈبلیو کے ساتھ مکمل تعاون کے لئےتیار

کیمیائی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کےادارے او پی سی ڈبلیو نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایک تحقیقاتی ٹیم شام روانہ کی ہے – اس درمیان اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بشار جعفری نے کہا ہے کہ ان کی حکومت اس ٹیم کے ارکان کو دوما کے کسی بھی حصے اور محلے میں جانے کے لئے پوری سہولت فراہم کرے گی – ان کا کہنا تھا کہ او پی سی ڈبلیو کی ٹیم کی شام روانگی میں ہر طرح کی تاخیر اس ادارے پر امریکا ، برطانیہ اور فرانس کے دباؤ کا نتیجہ ہے ان کا کہنا تھا کہ ان ملکوں کی کوشش تھی کہ یہ ٹیم دوما کا دورہ نہ کرسکے – شام کی وزارت خارجہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ دمشق اقوام متحدہ کی تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون اور او پی سی ڈبلیو کے ایک رکن کی حیثیت سے اپنے سبھی وعدوں پر عمل کرنے کے لئے تیار ہے – شامی حکومت نے منگل کو باضابطہ طور پر کیمیائی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے ادارے سے درخواست کی تھی کہ وہ دوما شہر میں شامی فوج کے ذریعے کیمیائی ہتھیاروں سے کئے گئے حملے کی خبروں کی تحقیقات کرے – اس درمیان انٹرفیکس نیوز ایجنسی نے خبردی ہے کہ کیمیائی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے ادارے او پی سی ڈبلیو کے ماہرین کی ٹیم جمعے کو لبنان کے دارالحکومت بیروت پہنچ گئی ہے جہاں سے وہ شام کے لئے روانہ ہورہی ہے – خبروں کے مطابق او پی سی ڈبلیو کے نمائندوں کا پہلا گروپ جمعرات کو ہی بیروت پہنچ چکا تھا اور اب اس اے ادارے کے دونوں ہی گروپ شام میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے ہمراہ شام کے دارالحکومت دمشق روانہ ہورہے ہیں – روس کے سفارتی ذریعے نے خبردی ہے کہ او پی سی ڈبلیو کے ماہرین شام کے شہر دوما میں کیمیائی ہتھیاروں کے حملے سے متعلق خبروں کو جمع کرنے کے ساتھ ساتھ علاقے کی مٹی کو بھی ٹیسٹ کرنے کے لئے اپنے ساتھ لے جائیں گے – او پی سی ڈبلیو کے ماہرین اپنی سرگرمیاں چودہ اپریل سے شروع کررہے ہیں – واضح رہے کہ شام کے صوبے غوطہ شرقی کے شہر دوما میں موجود دہشت گردوں نے گذشتہ سنیچر کو شامی حکومت پر الزام لگایا تھا کہ اس نے دوما میں کیمیائی ہھتیاروں کا استعمال کیا ہے جس میں دسیوں افراد ہلاک ہوگئے ہیں – شامی حکومت نے دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے اس دعوے کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے – مغربی اور عرب ملکوں کے ذرائع ابلاغ نے بھی اپنے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے د‏عوؤں کے بعد دمشق حکومت کے خلاف نفسیاتی جنگ تیز کردی ہے اور امریکا اور اس کے اتحادیوں نے بھی کسی ثبوت کے بغیر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام شامی حکومت اور فوج پر پر عائد کردیا – ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے الزامات کا مقصد دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج اور حکومت کی کامیابیوں کو کم اہمیت ظاہرکرنا اور مغربی ملکوں کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنا ہے –

متعلقہ مضامین

Back to top button