پاکستان

رائیونڈ دھماکا، باپ بیٹا سمیت 4 سہولت کار گرفتار کر لئے گئے

شیعیت نیوز: رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع کے قریب واقع چیک پوسٹ پر ہونیوالے خودکش حملے کی تحقیقات میں اہم ترین پیشرفت ہوئی ہے جس میں حملہ آور کی شناخت کر لی گئی ہے اور اس کے 4 سہولت کاروں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دوسری طرف خودکش بم دھماکے کی ابتدائی رپورٹ نے پولیس کی کارکردگی کا بھانڈا بھی پھوڑ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور شانگلہ کا رہائشی تھا اور اسے حملے کیلئے جواد شاہ کا فرضی نام دیا گیا تھا جبکہ بادامی باغ میں حساس اداروں نے آپریشن کے دوران حملہ آور کے 4 سہولت کاروں کو بھی گرفتار کر لیا ہے جن میں حملہ آور کا چچا اور اس کا کزن بھی شامل ہیں۔ دوسری طرف رائیونڈ پولیس چیک پوسٹ پر ہونیوالےخودکش حملےکی ابتدائی رپورٹ بھی تیار کرلی گئی ہے۔ ابتدائی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ رائیونڈ دھماکے میں 6 سے 7 کلو بارودوی مواد استعمال ہوا، دھماکہ خودکش تھا جبکہ تبلیغی اجتماع پرپولیس کے سکیورٹی انتظامات بھی ناقص تھے، واک تھروگیٹس بھی غیر فعال اور باڑ بھی تسلی بخش نہ تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی میں خامیوں سے حساس اداروں نے گھنٹہ پہلے ہی پولیس کو آگاہ کر دیا تھا، مگر پولیس کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ واضح رہے کہ رائیونڈ خودکش دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سی ٹی ڈی عابد بیگ کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں دہشتگردی، قتل، اقدام قتل سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ بدھ کی رات پولیس چیک پوسٹ پر ہونیوالے دھماکے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد جاں بحق جبکہ 35 افراد زخمی ہوئے تھے۔ شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ جمعرات کو لاہور میں قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز میں ادا کی گئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب، گورنر، کور کمانڈر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ یہ دھماکہ ایک ایسے وقت پر ہوا جب رائیونڈ میں مذہبی اجتماع شروع ہوا تھا جبکہ یہ اجتماع 18 مارچ تک جاری رہے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button