پاکستان

آرمی چیف کی قیادت میں کور کمانڈر کانفرنس، دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز کا جائزہ لیا گیا۔

شیعیت نیوز: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کور کمانڈرز کے بعد جاری بیان میں بتایا گیا کہ کانفرنس میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز کا جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے دوران ملک میں استحکام اور قیام امن کی بحالی کے لیے اٹھائے گئے کامیاب اقدامات کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ پاک فوج کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے بعد سے کور کمانڈرز کانفرنس میں سیکیورٹی صورتحال کا باقاعدہ جائزہ لیا جاتا ہے۔

تاہم اس کور کمانڈرز کانفرنس میں آپریشن رد الفساد کے ایک سال مکمل ہونے پر حاصل ہونے والی کامیابیوں کا جائزہ لیا گیا۔

یاد رہے کہ فروری 2017 میں ملک کے چاروں صوبوں میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد پاک فوج کی جانب سے آپریشن ردالفساد کا آغاز کیا گیا تھا کیونکہ ان حملوں کے بعد آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔

آپریشن ردالفساد کے حوالے سے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پیس اسٹڈیز (پپس) کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق 2016 کے مقابلے میں 2017 میں آپریشن ردالفساد کے ذریعے ملک بھر میں دہشت گردی کے حملوں کو 16 فیصد تک کم کرنے میں مدد ملی اور گزشتہ برس 370 دہشت گرد حملے رپورٹ کیے گئے جس میں 815 افراد ہلاک جبکہ ایک ہزار 736 افراد زخمی ہوئے۔

پپس کی رپورٹ کے مطابق اس دوران سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے آپریشن اور مسلح تصادم اور انکاؤنٹرز کے دوران 524 عسکریت پسند ہلاک کیے گئے۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران بلوچستان میں جاری سیکیورٹی آپریشن سمیت خوشحال پاکستان کے آغاز کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس کا مقصد سماجی اقتصادی ترقی کے منصوبوں کے ذریعے بلوچستان میں استحکام لانا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button