پاکستان

کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی منانے پر آغا سید حسن کا پاکستانی قوم و قیادت کو شکریہ

شیعیت نیوز: جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی منانے اور دنیا کی توجہ کشمیری محکوم قوم کی حالت زار کی طرف مبذل کرانے کے لئے 5 فروری کو اظہار یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کرنے پر پاکستانی قوم و قیادت کا پُرخلوص شکریہ ادا کیا۔ آغا سید حسن نے امید ظاہر کی کہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل تک پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں آغا سید حسن نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو عالمی ایوانوں تک پہنچانے اور کشمیری محکوم قوم پر ڈھائے جا رہے مظالم سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے میں پاکستان کی سفارتی کاوشیں ناقابل فراموش ہیں اور محسن ملک سے زیادہ کشمیریوں کے درد و کرب کو محسوس کرنے والا اور کوئی نہیں۔

جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے بیرون ریاست کشمیری طلاب کو ہراساں کرنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کے آئے روز واقعات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایسے سانحات کے سدباب کے لئے ریاستی انتظامیہ سنجیدہ اور جرأت مندانہ اقدام کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی سرزمین کشمیریوں کے لئے روز بروز پرخطر بنتی جا رہی ہے اور ہندو انتہا پسندوں کو کشمیریوں پر جان لیوا حملوں کی کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button