نواز شریف سعودی عرب ڈیل کرنے نہیں گئے، ترجمان ن لیگ
شیعیت نیوز: نواز شریف کے ترجمان نے برطانوی اخبار کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ نوازشریف کا سعودی عرب سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا اور مبینہ ڈیل سے متعلق تمام زیر گردش خبریں حقائق کے منافی اور حیران کن ہیں ان میں کوئی سچائی نہیں جب کہ میڈیا کو اس قسم کی خبروں کو نشر کرنے سے پہلے متعلقہ افراد سے گفتگو کرنی چاہیے تاکہ حقائق کا پتہ چل سکے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان کا کہنا ہے کہ نواز شریف سعودی حکمران خاندان سے اپنے دیرینہ تعلق کی بنا پر سعودی عرب کا دورہ کررہے ہیں، تاریخ گواہ ہے کہ نواز شریف نے اپنے ذاتی تعلقات کو قومی مفاد کے لیے استعمال کیا نہ کہ ذاتی مفاد کے لیے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنی بے گناہی ثابت کریں گے اور ریکارڈ کے مطابق نواز شریف نے ہمیشہ سپریم کورٹ سمیت تمام اداروں کا احترام کیا ہے، عدالتی فیصلوں کے احترام میں مقدمات کا سامنا کیا ہے۔
واضح رہے کہ برطانوی اخبار ’دی ٹائمز‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے کے تحت سابق وزیراعظم محمد نواز شریف جلا وطن ہو سکتے ہیں۔ اخبارنے یہ بھی لکھا ہے کہ سعودی ڈیل کے تحت نواز شریف کو ملک سے باہر رہنے کی اجازت دی جا سکتی ہے، اس طرح سے انہیں کرپشن کیسز سے بھی چھٹکارا مل سکتا ہے، نواز شریف کو باہر جانے کے لیے اجازت درکار ہے اور اس کے لیے سعودی عرب میں معاملات طے پاسکتے ہیں۔








