اہل بیت کا کردار ہردور میں ظلم کے خلاف رہنمائی کا سرچشمہ ہے،سمینار
شیعیت نیوز: متحدہ علما محاذ پاکستان کے زیر اہتمام مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین کی زیر صدارت یوم ولادت امام حسن عسکری کے موقع پر منعقدہ سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکر کے علماء و ذاکرین نے امام حسن عسکری کی جہادی ،تبلیغی،تصنیفی ،اصلاحی و دینی جرأت مندانہ تاریخی خدمات ،اورسیر ت و افکارپر تفصیلی روشنی ڈالی۔مقررین نے کہا کہ اہل بیت ؑ کا کردار ہردور میں ظلم و جبر استبداد کے خلاف رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ امام حسن عسکری نے قید و بند کی صعوبتوں اور ہر ریاستی ظلم و جبر کو برداشت کیا لیکن اہل بیت ؑ کی جرأت و استقامت پر آنچ نہیں آنے دی ۔امام حسن عسکری کا کردار حق گو علماء اور مظلوموں کے لیے مشعل راہ ہے ۔اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نصاب تعلیم میں اہل بیت ؓ اطہار کی عظمت و تقدس کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی مضامین شامل کئے جائیںتاکہ ملک سے استعماری سوچ و فکر کاخاتمہ ممکن ہو سکے ۔ سیمینار سے مرکزی چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی ،بانی سیکریڑی جنرل مولانا محمد امین انصاری ،مولانا سلیم اللہ ترکی ،علامہ قاضی احمد نورانی علامہ علی کرار نقوی ،مولانا منظر الحق تھانوی ،علامہ قرۃ العین عابدی ،علامہ اظہر حسین نقوی ، علامہ شاہدین اشرفی و دیگر نے خطاب کیا۔