مقبوضہ فلسطین

فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی فوجیوں کے حملے

غاصب صیہونی فوجیوں نے اتوار کے روز غرب اردن میں فلسطینیوں پر حملے کیے اور کم سے کم سات فلسطینیوں کواغوا کرکے لے گئے ہیں۔اس سے پہلے صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف محلوں پر حملہ کرکے دس فلسطینی نوجوانوں کو اغوا کرلیا تھا۔ اسرائیلی فوجی مختلف بہانوں سے آئے دن فلسطینی علاقوں پر حملے کرتے رہتے ہیں۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق اس وقت تقریبا ساڑھے چھے ہزار فلسطینی اسرائیل کی مختلف جیلوں میں بند ہیں۔

دوسری جانب درجنوں فلسطینیوں نے مظاہرے کرکے یمن پر سعودی جارحیت کی مذمت کی ہے۔ مقبوضہ فلسطینی علاقے البطوف میں اتوار کے روز ہونے والے مظاہرے میں شریک فلسطینیوں نے اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر یمنی عوام کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ابنا البلد نامی فلسطینی تنطیم کے سینیئر رکن محمد کناعنہ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ صیہونی حکومت غرب اردن میں مزید صیہونی کالونیاں بنانے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس نے مغربی سلفیت کی صیہونی بستی بروخن ٹاؤن کو توسیع دینے کا اعلان کردیا ہے۔غاصب صیہونی فوجیوں نے بروخن ٹاؤن کی توسیع کی غرض سے فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضہ بھی کرلیا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں نئی کالونیوں کی تعمیر ایسے وقت میں جاری ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے تیئیس دسمبر کو ایک بار پھر صیہونی بستیوں کی تعمیر کے خلاف قرار داد کی منظوری دی تھی جس میں اسرائیل سے فلسطینی علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیرفوری طور پر روکنے کو کہا گیا تھا

متعلقہ مضامین

Back to top button