ایران

تیس دسمبر اغیار کے فتنوں کے مقابلے میں ایرانی عوام کی استقامت کا دن ہے

تیس دسمبر دو ہزار نو کی عظیم تاریخ ان شاندار اور تاریخی ریلیوں کی یاد دلاتی ہے جب ایران کے انقلابی عوام نے سڑکوں پر نکل کر معاشرے کی دینی اور سماجی اقدار توڑنے والوں اور ان فتنہ گر عناصر کو منہ توڑ جواب دیا تھا جنھوں نے ایران کے دسویں صدارتی انتخابات میں دھاندلی اور بے ضابطگیوں کے بہانے غلط راستے کا انتخاب کر لیا تھا-

بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کے دوران شاہ کی ظالم شاہی حکومت کو گرانے اور ایران سے امریکا کو نکال باہر کرنے کے لئے اسلامی انقلاب کی تحریکوں میں ایرانی عوام کی بھرپور شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے عوام نے دفاع مقدس کے دوران بھی سرزمین ایران کا دفاع کیا اور اس کے بعد بھی اہل بیت عصمت و طہارت کے حرم کا دفاع کرنے کے لئے میدان میں حاضر ہوئے-

ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ اسلامی انقلاب کئی عشروں کی جد وجہد کا نتیجہ تھا کہ جس کا سب سے اہم ثمرہ ایران کی آزادی و خود مختاری اور ایران میں اسلامی جمہوری نظام کا قیام ہے-

پارلمینٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ امور کے کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے بھی دو ہزار نو کے واقعات کو دشمن کی گہری سازش قرار دیا اور کہا کہ تیس دسمبر دو ہزار نو کی ملک گیر تاریخی اور تقدیرساز ریلیوں میں عوام کی بھرپور شرکت نے ثابت کر دیا کہ وہ اسلامی انقلاب، اسلامی جمہوری نظام اور خاص طور پر ولایت فقیہ کی حمایت میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں-

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے ہیڈکوارٹر نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ تیس دسمبر دو ہزار نو کو اسلامی انقلاب اور نظام کے دفاع میں ایرانی عوام کی ریلیوں نے ثابت کر دیا کہ ان کا اتحاد، ولایت فقیہ پر ان کا عقیدہ اور انقلابی بصیرت، ان کی دینی تعلیمات اور اسلامی انقلاب کے پیغامات پر استوار ہے-

ایران کی مسلح افواج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کے عوام نے تیس دسمبر دو ہزار نو کو یہ ثابت کر دیا تھا کہ کودتا یا بغاوت کا منصوبہ، تشہیراتی جنگ اور تسلط پسندانہ نظام نیز بین الاقوامی صیہونیزم کی نفسیاتی لڑائی کا، اسلامی انقلاب کی حفاظت کے راستے میں ایرانی عوام کے عزم و ارادے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا-

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے پیغام میں آیا ہے کہ ایران کے بہادر و ثابت قدم عوام نے ہمیشہ اسلامی اور قرآنی تعلیمات کی تاسّی اور رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات و رہنمائیوں کی پیروی کرتے ہوئے اسلام اور انقلاب کے اصولوں اور اقدار کی راہ میں پامردی کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ آئندہ بھی دشمنوں اور فتنہ پرور عناصر کی شیطانی خواہشات کو پوری طرح کچل کر رکھ دیں گے-

 

متعلقہ مضامین

Back to top button