پاکستان

ایم ڈبلیو ایم کا گلگت بلتستان میں جاری اینٹی ٹیکس موومنٹ کی مکمل حمایت کا اعلان

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں جاری اینٹی ٹیکس موومنٹ کی وہ مکمل حمایت کرتے ہیں۔حکومت کی جانب سے آئینی حقوق دیے بغیر ٹیکس کا نفاذ غیر منصفانہ اقدام ہے۔جی بی کے عوام کی محرومی دور کرنے کے لئے وزیر اعظم ،آرمی چیف، سیاسی جماعتیں اور مقتدر ادارے اپنا کردار ادا کریں اوریہاں کے باسیوں کو ان کا حق دلائیں جو گزشتہ ستر سال سے اس سرزمین آئین پر اپنے حقوق کے لئے جدوجہد میں مصروف ہیں۔انجمن تاجران ، عوامی ایکشن کمیٹی اور دیگر جماعتوں کی قومی ایشو پر مشترکہ جدوجہد لائق تحسین ہے۔ گلگت بلتستان دنیا کا وہ واحد خطہ ہے جو کسی ریاست کے ساتھ الحاق کے لیے بے قرار ہے ورنہ دنیا بھر میں علحیدگی کی تحریکیں زور پکڑ رہی ہیں۔گلگت بلتستان کی عوام کو ان کی امنگوں کے مطابق آئینی حقوق دیے جائیں۔ ملک کے مختلف حصوں میں بسنے والے ہر فرد کو یکساں بنیادی حقوق حاصل ہیں۔آئینی حقوق دیے بغیر ٹیکسز کا نفاذ ظالمانہ اقدام ہے۔ آئینی حقوق کے حصول کے لئے جی بی کے عوام کا مطالبہ اصولی اور قابل عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ جی بی کے عوام نے تحریک آزادی کی جنگ اپنے زور بازو پر لڑی اور پاکستان میں غیر مشروط طور پر شمولیت کا اعلان کیا ۔وہاں کے باسیوں کا یہی دیرینہ مطالبہ ہے کہ اس علاقے کو پاکستان کا حصہ قرار دیا جائے۔گلگت بلتستان معدنی وسائل اورجغرافیائی اعتبار سے بھی پاکستان کے لیے انتہائی سود مند ہے۔اسے نظر انداز کرنا کس بھی طور ملک کے مفاد میں نہیں۔ گلگت کی عوام سے ریاست سوتیلی ماں کا سلوک نہ کرے۔یہاں کے لوگوں سے ان کی اراضیاں جبراََ چھینی جا رہی ہیں اور حقوق کی بات پر منہ دوسری طرف موڑ لیا جاتا ہے جو سراسر زیادتی ہے۔گلگت بلتستان کے عوام نے ارض پاک کی سلامتی و استحکام کے لئے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں ہیں۔پاک چائنا اکنامک کوریڈور کا ایک سرا گلگت بلتستان جبکہ دوسرا گوادر میں ہے۔جی بی کی عوام کو سی پیک کے ثمرات ہر حال میں حاصل ہونے چاہیے۔یہاں کے باسیوں کی حب الوطنی لائق تحسین ہے۔وطن عزیز کی ترقی اورمختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کردار ادا کرنے وا لی متعدد شخصیات کا تعلق اسی خطہ سے ہے۔انہوں نے ٹیکس کے نفاذ کے خاتمہ ،منرلز کنسیثنل رولز 2016 کو کالعدم قرار دینے، حالیہ تحریک کے دوران دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کی جانے والی ایف آئی آر کے اخراج اور سی پیک میں گلگت بلتستان کے عوام کو حصہ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button